مالی: فرانسیسی افواج دیابالی میں داخل

آخری وقت اشاعت:  پير 21 جنوری 2013 ,‭ 13:51 GMT 18:51 PST

افریقی ملک مالی میں حکام کے مطابق فرانسیسی افواج دارالحکومت بماکو سے چارسو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر دیابالی میں اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے کسی مزاحمت کے بغیر داخل ہو گئی ہیں۔

مالی میں موجود خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ تیس بکتر بند گاڑیاں دو سو فرانسیسی اور مالی سپاہیوں کو لے کر وہاں پہنچی ہیں۔

واضح رہے کہ فرانس کی جانب سے جمعہ کو کیے جانے والے فضائی حملوں کے بعد اسلامی شدت پسند دیابالی سے بھاگ گئے تھے۔

فرانس نے مالی افواج کی مدد کے لیے اپنے دو ہزار سپاہیوں کو شدت پسندوں کے خلاف لڑنے کے لیے بھیجا تھا۔

مالی میں مسلح گروپوں نے گزشتہ سال اپریل میں ملک کے شمالی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ ان مسلح گروپوں میں سے بعض کا تعلق القاعدہ سے ہے۔ یہ اسلامی گروپ علاقے میں سخت گیر اسلامی قوانین کا نفاذ چاہتے ہیں۔

دوسری جانب نائیجریا میں موجود ایک اسلامی گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ ہفتے نائیجریا سے مالی جانے والی افواج پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو سپاہی ہلاک ہو گئے تھے۔

انصرو نامی اس گروپ کے مطابق انہوں نے یہ حملہ اس لیے کیا کیونکہ نائیجریا کی فوج مالی کی ’اسلامی ریاست‘ کو ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ بننے جا رہی تھی۔

یاد رہے کہ نائیجریا نے مالی میں اپنے بارہ سو فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے پہلے مالی کے اسلامی شدت پسندوں نے فرانسیسی مداخلت کے فوری بعد دارالحکومت بماکو سے چارسو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر دیابالی کا کنٹرول سنھبال لیا تھا۔

اس سے پہلےاقوام متحدہ نے مسئلے کا کوئی سیاسی حل نہ نکلنے کی صورت میں مالی کے شمالی علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے تین ہزار افریقی فوجیوں کو بھیجنے کی منظوری دی تھی لیکن یہ فوجی مداخلت ستمبر سے پہلے ممکن نہیں تھی۔

واضح رہے کہ فرانس نے گزشتہ جمعے کو مالی میں مداخلت شروع کی تھی تاکہ باغیوں کو دارالحکومت بماکو کی جانب پیش قدمی سے روکا جا سکے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔