’فوجی اور جوہری صلاحتیں بڑھانے کا اعلان‘

آخری وقت اشاعت:  بدھ 23 جنوری 2013 ,‭ 23:45 GMT 04:45 PST

شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے مزید پابندیاں عائد کیے جانے بعد اپنی فوجی اور جوہری صلاحتیوں کو بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے دسمبر میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کا تجربہ کرنے پر اس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

شمالی کوریا نے جوہری پروگرام پر مزید مذاکرات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی فوجی اور جوہری صلاحتیوں میں اضافہ کرے گا۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق ملک اپنی فوج کی طاقت میں اضافے کے لیے حقیقی طور پر ایکشنز لے گا۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی نے وزارتِ خارجہ کا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ’امریکہ کی شمالی کوریا کی جانب جارحیت پر مبنی اور بدتر پالیسی کی وجہ سے چھ ملکی بات چیت بے نتیجہ رہی اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری اسلحے سے پاک کرنے کا مقصد اختتام کو پہنچا‘۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق فوجی کی دفاعی صلاحتیوں اور جوہری ڈیٹرنس کو بڑھانے اور اسے مضبوط کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق اقوام متحدہ کی پابندیوں کے تحت شمالی کوریا طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ نہیں کر سکتا اور شمالی کوریا کی جانب سے دسمبر میں تجربہ کرنے پر اس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

شمالی کوریا نے مصنوعی سیارے کو خلاء میں پہنچانے میں استعمال ہونے والے راکت کا پہلی بار کامیاب تجربہ کیا تھا۔

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس راکٹ کی مدد سے ایک سیارچے کو خلائی مدار میں پہنچا دیا گیا ہے جبکہ مغربی طاقتوں کا خیال ہے کہ شمالی کوریا نے اس کی آڑ میں ممنوعہ میزائل تکنالوجی کا تجربہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب پہلے شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کی فہرست میں مزید انفرادی ناموں اور شمالی کوریا کی خلائی ایجنسی کا نام شامل کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا گزشتہ ایک دہائی سے اپنے جوہری پروگرام پر چین، امریکہ، جنوبی کوریا اور روس سے بات چیت کر رہا ہے اور وعدہ کرتا رہا ہے کہ خوراک اور توانائی کے بدلے میں وہ اپنا جوہری پروگرام ختم کر دے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کی جانب سے سال دو ہزار چھ اور سال دو ہزار نو میں جوہری تجربے کرنے کے بعد اس پر میزائل تجربوں کی پابندی لگا دی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔