تھائی لینڈ: میگزین ایڈیٹر کو دس برس قید

آخری وقت اشاعت:  بدھ 23 جنوری 2013 ,‭ 15:18 GMT 20:18 PST

تھائی لینڈ کی ایک عدالت نے ایک میگزین ایڈیٹر کو شاہی حکومت کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کرنے پر دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

میگزین ایڈیٹر، سمیوت پروک سماسیوتک جو ملک کی سیاسی جماعت کے رہنما بھی ہیں پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دو آرٹیکلز میں ملک میں موجود ملوکیت سے متعلق سخت قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ـ

سمیوت کوتھائی لینڈ کے قانون کے تحت سزا سنائی گئی تاہم ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ آزادئ اظہار پر پابندی عائد کرنے کی ایک کوشش ہے۔

دریں اثناء انسانی حقوق سے متعلق گروہوں اور یورپی یونین نے عدالت کے فیصلے پر تنقید کی ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آزادئ اظہار اور پریس کی آزادی کے منافی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے یورپی یونین کے بینک کاک میں موجود ایک وفد کے حوالے سے بتایا یہ فیصلہ تھائی لینڈ کی آزاد اور جمہوری سوسائٹی کے تصور کو متاثر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ سمیوت اپریل سنہ دو ہزار گیارہ سے بغیر ضمانت کے زیرحراست ہیں جبکہ ان کےحامیوں کے مطابق ان کے ساتھ جیل میں بدسلوکی کی جا رہی ہے۔

عدالت کی جانب سے سمیوت کو دس سال کی سزا کے فیصلہ کے بعد ان کے وکیل نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہم عدالت کے سامنے یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ ہمارا موکل تھائی لینڈ کے بادشاہ کی شان میں گستاخی کا ارادہ نھیں رکھتا تھا۔

ان کے بقول ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بہت سخت سزا ہے۔

بینک کاک میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سمیوت کو دی جانے والی سخت سزا نے متعدد افراد کو سخت صدمہ پہنچا ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے عدالتی فیصلے کو رجعت پزیر قرار دیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایشیاء پیسیفیک کے ڈائریکٹر کے مطابق تھائی لینڈ کے حکام نے حالیہ برسوں کے دوران پر امن افراد کو خاموش کروانے کے لیے ’شاہی قانون‘ کا زیادہ استعمال کیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔