’اسرائیلی بستیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں‘

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 31 جنوری 2013 ,‭ 13:05 GMT 18:05 PST
یہودی آبادیاں

وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے یہودی بستیاں تیزی سے پھیلی ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یروشلم کے مقبوضہ علاقے میں اسرائیل کی نئی آبادکاریاں، فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

اس رپورٹ میں اسرائیل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نئے مکانات کی تعمیر بند کرے اور مقبوضہ یروشلم میں رہائش پذیر تمام نئے آبادکاروں کو وہاں سے واپس بلا لے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تین ماہرین کی جانب سے پیش کی گئی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ یہ آبادکاری فلسطینیوں کو منظم انداز میں علاقے سے بے دخل کر رہی ہے اور روزانہ ان کے لیے خوف اور استحصال میں اضافہ کر رہی ہے۔

اسرائیل نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے اور وہ پہلے سے ہی ادارے پر الزام عائد کرتا آیا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل جانبدار ہے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہےکہ یہ رپورٹ اقوام متحدہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کومزید متاثر کرے گی ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف تشدد انہیں ڈرانے دھمکانے اور ان کے گھر بار چھیننے کا مقصد مقامی فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کر کے یہودی آبادکاری میں اضافہ کرنا ہے اور یہودی آبادکاری سے فلسطینی بےگھر ہوتے ہیں اور ان کےگھر بار اور فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2009 میں وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے یہودی بستیاں تیزی سے پھیلی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اپنے ہی ملک کی آبادی کو مقبوضہ علاقوں میں منتقل کرنا چوتھے جنیوا کنوینشن کی خلاف ورزی ہے۔

جمعرات کو اقوام متحدہ کے تین تحقیق کاروں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ آباد کاری کی اپنی تمام سرگرمیوں کو بند کر دے کیونکہ یہ انسانی حقوق کی سخت مامالی ہے۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ قیامِ امن کے عمل میں رکاوٹ ہے۔

وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان یہودی بستیوں کی تعمیر سمیت موجود تمام مسائل کا حل بغیر کی پیشگی شرط کے براہِ راست مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔

مشرقی یروشلم اور غربِ اردن میں تقریباً ڈھائی سو علیحدہ علیحدہ یہودی بستیوں میں تقریباً ڈھائی لاکھ اسرائیلی آبادکار رہتے ہیں ان میں سے کچھ آبادیاں حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کی گئی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔