’بشار الاسد کا اقتدار دو سال بھی ختم نہ ہوگا‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 9 فروری 2013 ,‭ 12:09 GMT 17:09 PST

شامی صدر کا اقتدار اگلے دو سال میں بھی ختم نہیں ہو گا: نوری المالکی

عراق کے وزیر اعظم نوری المالکی نے کہا ہے کہ شام کے باغی بشار الاسد کو مزید دو سال تک اقتدار سے علیحدہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

عراقی وزیر اعظم نے مصر کے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے صدر براک اوباما، نائب صدر جو بائیڈن اور سابق سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن نے انہیں بتایا تھا کہ بشار الاسد کا اقتدار دو ماہ میں ختم ہو جائے گا۔

عراقی وزیر اعظم نے یہ نہیں بتایا کہ امریکی رہنماؤں نے کب انہیں بتایا تھا کہ بشار الاسد کی حکومت دو ماہ میں ختم ہو جائے گی۔

نوری المالکی نے کہا کہ ان کے خیال میں صدر بشار الاسد دو سال بعد بھی اقتدار پر براجمان ہوں گے۔

شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے عراقی وزیر اعظم نوری المالکی ایران کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں اور ایران بشار الاسد کا اہم حمایتی ہے۔

ادھر شام کے صدر بشار الاسد نے کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے سات وزراء کے محکمے تبدیل کر دیے ہیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کابینہ میں ردوبدل کی خبر دی ہے لیکن اس کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ کابینہ میں تبدیلی کا اثر کسی بھی اہم عہدے پر نہیں پڑا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق صدر بشار الاسد نے لیبر کی وزارت کو دو حصوں میں تبدیل کر کے ایک خاتون، کندا شمت کو کابینہ میں شامل کیا ہے۔

سلیمان عباس کو وزارت پیٹرولیم اور معدنیات کے محکمے کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ اسماعیل اسماعیل کو وزارت خزانہ اور حسین فرزات کو ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے محکمے حوالے کیے گئے ہیں۔ احمد القادری کو زراعت اور حسین ارنس کو ورکس کے محکمے کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

صدر بشار الاسد نے دو سال قبل میں بدامنی کے شروعات کے بعد کئی بار کابینہ میں ردوبدل کر چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق شام میں جاری شورش میں اب تک ساٹھ ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سات لاکھ ہجرت کر کے پڑوسی ممالک چلے گئے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔