امریکہ: کنساس کے پلازہ میں آگ، چودہ زخمی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 20 فروری 2013 ,‭ 08:33 GMT 13:33 PST
کنساس میں آگ

کنساس میں آگ کے ایک واقعے میں چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں

امریکہ کی ریاست میسوری کے شہر کنساس میں مبینہ طور پر گیس کے دھماکے سے لگنے والی آگ کے نتیجے میں چودہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

کنساس شہر کے سرکاری اہلکار ٹرائے شوٹل کے مطابق حکام کو ابھی تک اندازہ نہیں کہ آگ سے کسی کی ہلاکت ہوئی ہے یا نہیں۔

اس واقعے میں ایک رسیتوراں اور کئی دوسرے کاروباری مراکز تباہ ہوئے ہیں۔

مقامی ٹی وی پر خوردہ اشیا والی دکانوں کے کنٹری کلب پلازہ سے شعلے نکلتے ہوئے دکھائے گئے۔

ٹرائے شوٹل نے کہا ہے کہ حکام کا یہ خیال ہے کہ یہ آگ گیس پر کیے جانے والے کسی کام کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔

سینٹ لیوک ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ جن زخمیوں کا وہاں علاج جاری ہے ان میں سے دو کی حالت نازک ہے جبک کہ ان میں سے ایک بری طرح سے جل چکا ہے جبکہ چھ معمولی طور پر جلے ہوئے افراد بھی ہسپتال میں آئے ہیں۔

کنساس کے سٹی سٹار نے خبر دی ہے کہ شہر کے تین ہسپتالوں میں کل پندرہ زخمی افراد داخل کیے گئے ہیں۔

.ایک ریستوراں کے منیجر نے پولیس کو بتایا ہے کہ تین افراد لا پتہ ہیں اور ان کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ پہلے ہی وہاں سے نکل چکے تھے یا نہیں۔

ملبے میں کسی لاش کا پتہ چلانے کے لیے سنیفر کتوں سے مدد لی جا رہی ہے۔

پہلے پہل جاری تصاویر میں یہ دکھایا گیا ہے کہ آگ بجھانے والے عملے اپنے کام میں مصرف ہیں اور آگ پورے بلاک میں پھیل گئي ہے۔

کنساس یونیورسٹی ہسپتال کی ترجمان نے بتایا ہے کہ انھیں ایک زخمی نے بتایا کہ جب دھماکہ ہوا اور چھت گری تو ریستوراں کو خالی کرایا جا رہا تھا۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’اس مریض نے مجھے کہا کہ کسی گیس کی بو آ رہی تھی جس کے بعد ریستوراں کا عملہ گیس بند کرنے کی کوشش کر رہے تھا اوروہ باہر نکلنے کی کوشش کررہے تھے جب دھماکہ ہوا۔‘

انھوں نےبتایا کہ آخری چیز جو مجھے یاد ہے وہ چھت کا گرنا تھا۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ وہ باہر کیسے نکلے تو انھوں نے کہا کہ سامنے کا دروازہ اڑ کیا تھا اور وہ ملبوں کے درمیان سے باہر نکلے۔

واضح رہے کہ ابتدائی دھماکے اس ریستوراں کے باہر بھی سنے گئے۔

یہ شاپنگ ایریا انیس سو بائیس میں بنایا گیا تھا اور اس میں خوردہ دوکانوں کے علاوہ کئی ریستوراں ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔