اٹلی: انتخابی مہم ختم، اتوار کو ووٹنگ

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 23 فروری 2013 ,‭ 14:50 GMT 19:50 PST
اٹلی

اٹلی میں اتوار کو عام انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں

اٹلی میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے۔ اتوار کو عام انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

انتخابی جائزوں کے مطابق بائیں بازو کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی) کے امیدوار پیئر لوئیجی برسانی کو دوسرے امیدواروں پر سبقت حاصل ہے۔ سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی اور وزیر اعظم ماریو مونٹی بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔

اٹلی میں انتخابات ایسے وقت ہو رہے ہیں جب ملک سخت مالیاتی بحران کا شکار ہے۔ ٹینکوکریٹ وزیر اعظم ماریو مونٹی کی حکومت نے بجٹ میں خسارے کو کم کرنے کے لیے بچت کی پالیسی اپنائی تھی جس سے اٹلی کےعوام سخت نالاں ہیں۔

مبصرین کا خیال ہے کہ مشہور کمیڈین بپّےگریلو کی جماعت فائیو سٹار موومنٹ (ایم فائیو ایس) کو بھی کافی تعداد میں ووٹ مل سکتے ہیں۔ ایم فائیو ایس کی روم میں آخری ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

روم میں بی بی سی کے نامہ نگار ایلن جانسٹن کا کہنا ہے کا گریلو نے اپنی دھواں دھار تقریر میں روایتی سیاسی جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

بپّو گریلو

بپّو گریلو ایک کامیڈین ہیں جو عوامی تحریک کی قیادت کر رہے ہیں

سیاست دانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’تم لوگوں نے پورے ملک کو ہڑپ کر لیا ہے اور ہزاروں لوگوں کی زندگی کو بھی۔ اب تمہیں اپنے گھر جانا چاہیے۔‘

اس سے قبل برلسکونی نے بائیں بازو کے اپنے حریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر ملک کے محنت کش طبقے کے خلاف متعصب رویہ رکھنے کا الزام عائد کیا۔

بی بی سی کے نمائندے کے مطابق پیئر لوئیجی نے انتخابی مہم کے اختتام پر اپنے آپ کو ایک ایماندار شخص کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ وہ ایک ایسی حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں جس پر اٹلی کی عوام بھروسہ کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ عام انتخاب اپنی معینہ مدت سے دو ماہ قبل ہو رہے ہیں کیونکہ برلسکونی کی پارٹی نے ماریو مونٹی کی ٹیکنوکریٹ حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی تھی۔

ماریو مونٹی نے کٹوتی کی شروعات کی تھی تاکہ ملکی قرض کو کم کیا جا سکے اور مالی بازار میں اعتماد بحال رکھا جا سکے۔

پیئر لوئیجی برسانی نے جو ایک سابق کمیونسٹ ہیں، کہا ہے کہ وہ ماریو مونٹی کی اصلاحات کو جاری رکھیں گے لیکن ان کی تجویز ہے کہ حالیہ یورپی پالیسی میں مزید اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے تاکہ ترقی کو بڑھایا جاسکے اور اور روزگار پیدا کیے جا سکیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔