اٹلی: برلسکونی کو ایک سال قید کی سزا

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 7 مارچ 2013 ,‭ 15:12 GMT 20:12 PST

برلسکونی تین بار اٹلی کے وزیرِ اعظم رہ چکے ہیں

اٹلی کے سابق وزیرِ اعظم سلویو برلسکونی کو غیرقانونی فون ٹیپنگ کے الزام میں مجرم قرار دے کر ایک سال کی سزا سنا دی گئی ہے۔

ان پر الزام تھا کہ انہوں نے پولیس کی جانب سے حاصل کردہ ایک فون ریکارڈنگ کو افشا کر کے ایک اخبار میں شائع کروایا تھا۔ یہ اخبار برلسکونی کے بھائی کا تھا۔

توقع ہے کہ برلسکونی اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے اور اس دوران حراست میں نہیں رہیں گے۔

فی الحال وہ اپنے خلاف ایک اور مقدمے میں اپیل کر رہے ہیں اور اگلے چند ہفتوں میں ان کے خلاف کئی اور مقدمات میں مزید فیصلے آنے والے ہیں۔

ایک مقدمہ ٹیکس چوری کا ہے، جبکہ ایک اور کلِک مقدمے کا تعلق ایک کم عمر طوائف کے ساتھ جنسی تعلق سے ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں برلسکونی کو ٹیکس چوری کے ایک مقدمے میں ایک برس کی سزا ہوئی تھی۔ اس سزا کا انحصار بھی اپیل پر ہے۔

استغاثہ نے یہ مقدمہ اس کے بعد پیش کیا جب فون پر کی جانے والی ایک گفتگو کی تحریری نقل برلسکونی کے بھائی پاؤلو کے اخبار میں شائع ہوئی تھی۔

یہ گفتگو انشورنس کمپنی یونی پول اور پیئرو فاسینو کی تھی، جو اٹلی کی سب سے بڑی معتدل دائیں بازو کی جماعت کے رہنما اور اس وقت برلسکونی کے سب سے بڑے سیاسی حریف تھے۔

یونی پول سنہ 2005 میں بی این ایل بینک کو خریدنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مجسٹریٹوں نے اس ریکارڈنگ کی اشاعت کو بینک خریدنے کی کوشش میں نامناسب مداخلت قرار دیا تھا۔

اس اشاعت سے تجارتی رازداری کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔

برلسکونی پر متعدد مقدمات کے دوران ان پر جو الزامات لگائے گئے ہیں ان میں دھوکا دہی، رشوت، دروغِ حلفی، بدعنوانی اور کم عمر طوائف کے ساتھ جنسی تعلق شامل ہیں۔

برلسکونی کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف الزامات سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے تمام الزامات سے انکار کیا ہے اور وہ بعض الزامات میں یا تو بری قرار پائے ہیں یا پھر وہ کسی نہ کسی قانونی سقم کی وجہ سے بچ نکلے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔