اسامہ بن لادن کا ’داماد‘ اردن سے گرفتار: امریکہ

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 8 مارچ 2013 ,‭ 22:34 GMT 03:34 PST

امریکہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے ترجمان کو حراست میں لے لیا گیا اور ان کو نیو یارک کی عدالت میں جمعے کو پیش کیا جائے گا۔

امریکی کانگریس کے رکن پیٹر کنگ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اسامہ بن لادن کے ترجمان سلیمان بو غیث کو اردن میں پچھلے ہفتے گرفتار کیا گیا تھا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سلیمان اسامہ بن لادن کے داماد ہیں اور انہوں نے ستمبر گیارہ کے حملوں کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی سپیشل فورس نے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں ایک آپریشن کے دوران ہلاک کردیا تھا۔

سلیمان کو جمعے کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے مطابق سلیمان کا القاعدہ میں کردار پروپگینڈا کرنے کا تھا اور انہوں نے اسی پوزیشن کو استعمال کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف لوگوں کو اکسایا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اردن کے سکیورٹی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سلیمان کو پچھلے ہفتے امریکہ کے حوالے کیا گیا۔

سلیمان کئی ویڈیو پیغامات میں اسامہ بن لادن کے ساتھ بیٹھے نظر آئے ہیں۔

سلیمان کویت میں استاد اور مسجد کے امام تھے۔ ستمبر 2011 کے حملوں کے بعد کویت نے ان کی شہریت ختم کردی تھی۔

اسی بارے میں

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔