وینزویلا:چودہ اپریل کو صدارتی انتخابات

آخری وقت اشاعت:  اتوار 10 مارچ 2013 ,‭ 00:08 GMT 05:08 PST

نکولس مدورو نے ملک کے سابق صدر اوگو چاویس کے جسدِ خاکی کو لینن اور ماؤ زے تنگ کی طرح محفوظ کرنے کا علان کیا ہے

وینزویلا کے الیکشن کمیشن نے ملک کے صدر اوگو چاویس کے انتقال کے بعد نیا صدر چننے کے لیے چودہ اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان سابق صدر اوگو چاویس کے پسندیدہ جانشین سمجھے جانے والے نکولس مدورو کا قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ صدارتی امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پیر تک اپنا اندراج کروائیں۔

یاد رہے کہ وینزویلا کے سابق صدر اوگو چاویس پانچ مارچ کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ صدارتی انتخابات میں نکولس مدورو حمکمران جماعت کے امیدار جبکہ ہنریک کاپرائلز حزِب اختلاف امیدوار ہونگے۔

چاویس نے چودہ سال تک وینزیلا پر حکومت کی تھی اور انہوں نے اخری بار انتخابات گذشتہ اکتوبر میں جیتے تھے جس میں انہں 54 فیصد جبکہ ان کے مخالف امیدوار ہنریک کاپرائلز کو 44 فیصد ووٹ ملے تھے۔

پچاس سالہ نکولس مدورو نے ملک میں سابق اوگو چاویس کے سوشلزم کی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کا وعدہ کیا ہے اور توقع ہے کہ وہ اپریل میں ہونے والے صدارتی انتخابات جیت جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد متحدہ حزبِ اختلاف کے سربراہ نے سرکاری طور پر چالیس سالہ ہنریک کاپرائلز کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔

ہنریک کاپرائلز نے اپنے ٹویئٹر پیغام میں کہا کہ وہ صدارتی امیدوار کے لیے نامزدگی پر شکرگزار ہیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اس سے پہلے جمعے کی صبح وینزویلا کے صدر ہیوگو چاویز کی آخری رسومات دارالحکومت کارکس میں منعقد ہوئیں۔

نکولس مدورو نے ملک کے سابق صدر اوگو چاویس کے جسدِ خاکی کو لینن اور ماؤ زے تنگ کی طرح محفوظ کرنے کا علان کیا ہے۔

دوسری جانب وینزویلا کی حزب مخالف کے پیشتر اراکین نے جمعہ کو قائم مقام صدر کی حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کیا تھا۔

حزبِ مخالف کا موقف تھا کہ ایسی صورت حال میں آئین کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر کو قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنا چاہیئے تھا۔

ادھر وینزویلا کے قائد حزبِ اختلاف نے اس اقدام کو دھوکا دہی قرار دیا تھا۔



اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔