’پوپ فاک لینڈ تنازع حل کرنے میں مدد دیں‘

آخری وقت اشاعت:  منگل 19 مارچ 2013 ,‭ 22:08 GMT 03:08 PST

پوپ فرانسس ارجنٹینا کی صدر کیرچنر کا استقبال کرتے ہوئے

ارجنٹینا کی صدر کرسٹینا فیرناندیس کیرچنر نے کہا ہے کہ وہ پوپ سے درخواست کریں گی کہ وہ برطانیہ اور ارجنٹینا کے درمیان فاک لینڈ کے تنازعے کو حل کرانے میں مدد دیں۔

ویٹیکن کا دورہ کرتے ہوئے فیرناندیس نے کہا کہ وہ پوپ سے کہیں گی کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے فروغ میں تعاون کریں۔

ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے پوپ فرانسس گذشتہ ہفتے منتخب ہوئے تھے، اور وہ منگل کو باضابطہ طور پر پاپائے روم کا منصب سنبھالیں گے۔

انھوں نے ماضی میں کہا ہے کہ فاک لینڈ ارجنٹینا کا ہے۔ اس وقت فاک لینڈ پر برطانیہ کا قبضہ ہے۔

کارڈینل خورخے مریو برگولیو پوپ کے انتخاب سے قبل بیونس آئریس کے آرچ بشپ تھے۔ ان کے اور صدر فیرناندیس اور ان کے خاوند نستور کیرچنر کے ساتھ تعلقات کشیدہ تھے۔

صدر فیرناندیس نے پوپ کے ساتھ دوپہر کے کھانے پر 15-20 منٹ کی ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا، ’میں نے ان سے مداخلت کے لیے کہا ہے تاکہ ان مسائل سے بچا جا سکے جو برطانیہ کی جنوبی بحرِ اوقیانوس میں فوجی موجودگی سے پیدا ہوئے ہیں۔‘

انھوں نے کہا، ’ہم بات چیت چاہتے ہیں اس لیے ہم نے پوپ سے مداخلت کے لیے کہا ہے تاکہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں۔‘

روم سے بی بی سی کے نامہ نگار ایلن جانسٹن نے کہا ہے کہ فی الحال اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ پوپ نے اس درخواست کا کیا جواب دیا۔

"ہم پوپ کے اس خیال سے احترام کے ساتھ اختلاف کرتے ہیں کہ فاک لینڈ پر برطانیہ نے ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔"

برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون

گذشتہ ہفتے ایک ریفرینڈم میں فاک لینڈ کے عوام نے بھاری اکثریت سے برطانیہ کا علاقہ رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

پچھلے سال عشائے ربانی کے موقعے پر پوپ نے فاک لینڈ جنگ میں حصہ لینے والے ارجنٹینا کے سابق سپاہیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’ہم ان سب کے لیے دعا کرنے آئے ہیں جو جنگ میں کام آئے، دھرتی کے وہ بیٹے جو اپنی ماں، اپنی مادرِ وطن کا دفاع کرنے گئے تھے، جو اپنا حق لینے کے لیے گئے تھے۔‘

برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ وہ پوپ کے اس نظریے سے ’احترام کے ساتھ‘ اختلاف کرتے ہیں کہ فاک لینڈ پر برطانیہ نے ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔