بگرام جیل پر پیر سے مکمل افغان عملداری

آخری وقت اشاعت:  اتوار 24 مارچ 2013 ,‭ 22:19 GMT 03:19 PST

اس جیل میں تین ہزار کے قریب طالبان اور مشتبہ دہشت گرد قید ہیں

امریکی محکمۂ دفاع کا کہنا ہے کہ اس پیر سے بگرام جیل کا مکمل کنٹرول افغان حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اس تاریخ پر اتفاق امریکی اور افغان حکام کے مابین ایک ہفتے جاری رہنے والی بات چیت کے بعد ہوا ہے۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل نے افغان صدر حامد کرزئی نے اس ضمانت کا خیرمقدم کیا ہے کہ افغان عوام اور اتحادی فوج کے تحفظ کی خاطر خطرناک افراد کو ایک محفوظ علاقے میں افغان قانون کے تحت قید رکھا جائے گا۔

بگرام کے فوجی اڈے کے قریب واقع اس جیل میں اہم طالبان جنگجو بھی قید ہیں اور امریکہ جیل کے افغان کنٹرول میں چلے جانے کے بعد ان افراد کے مستقبل کے بارے میں فکرمند ہے۔

افغان صدر بگرام جیل کا مکمل کنٹرول چاہتے ہیں اور اس حوالے سے امریکہ اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی پائی جا رہی تھی۔

امریکہ نے ستمبر 2012 میں بگرام جیل کا زیادہ تر حصہ افغانستان کے حوالے کر دیا تھا لیکن افغان حکومت کے اعتراض کے باوجود وہاں مقید چند درجن غیر ملکیوں سمیت کئی سو قیدیوں کا کنٹرول اپنے پاس ہی رکھا تھا۔

بعدازاں اس جیل کا مکمل کنٹرول افغانستان کے حوالے کیے جانے کے لیے نو مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی تھی جسے بغیر کوئی وجہ بتائے مؤخر کر دیا گیا تھا۔

افغانستان کا موقف ہے کہ وہ بگرام جیل کا مکمل کنٹرول حاصل کیے بغیر امریکہ کے ساتھ لمبی شراکت کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

بگرام جیل سرکاری طور پر پروان حراستی مرکز کے نام جانی جاتی ہے اور افغانستان میں نیٹو افواج کے بڑے فوجی اڈوں میں سے ایک میں واقع ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران اس جیل کو قیدیوں سے بدسلوکی کے واقعات کے الزامات میں بھی مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔

اس جیل میں تین ہزار کے قریب طالبان اور مشتبہ دہشت گرد قید ہیں جبکہ یہاں سات کے قریب پاکستانی بھی قید ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔