وزن کی بنیاد پر ہوائی کرائے کے فیصلے کا دفاع

سموئیا ایئر لائن کے سربراہ نے مسافروں کے وزن کی بنیاد پر کرایہ وصول کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں مستقبل میں تمام بڑی ایئرلائنیں اسی طریقے سے کرائے کا تعین کریں گی۔

سموئیا ایئرلائن کے سربراہ کرس لینگٹن نے آسٹریلن ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی سفر کے لیے مسافر کے وزن کے حساب سے کرایہ وصول کرنے کا فیصلہ انتہائی منصفانہ ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ مستقبل میں تمام ایئرلائنیں اسی طریقے سے مسافروں کے کرایے کا تعین کریں گی۔

کرس لینگٹن کا کہنا ہے کہ ہوائی کمپنیاں بالخصوص چھوٹی ایئرلائنیں سیٹوں پر نہیں بلکہ وزن کی بنیاد پر کاروبار کرتی ہیں اور وہ مسافر کے وزن اور سامان کے وزن میں تفریق نہیں کرتیں۔

کرس لینگٹن کے مطابق وزن کی بنیاد پر کرایے کا تعین مسافروں کو خوشی مہیا کر رہا ہے اور چھوٹے بچوں والے خاندان اس فیصلے کی وجہ سے بچت کر رہے ہیں۔

ایئر سموئیا کے کرائیوں کی شرح ایک ڈالر فی کلو مقرر کیاگیا ہے اور اس طرح ساٹھ کلو کے وزن کا مسافر کا کرایہ بھی ساٹھ ڈالر ہوگا۔ لمبے سفر کی صورت میں کرائے کی شرح مختلف مقرر کی جاتی ہے۔

سموئیا ایئر لائن کے سربراہ کے خیال میں ان کی کپمنی کے فیصلے نے لوگوں میں وزن کم کرنے سے شعور کو اجاگر کرنا شروع کردیا ہے اور انہوں نے اپنے وزن کو گھٹانے سے متعلق غور شروع کر دیا ہے جو ایک صحت مندانہ سوچ کی عکاس ہے۔

بحرالکاہل کے ملک سموئیا کی آْبادی کا ایک بڑا حصہ موٹاپے کا شکار ہے۔