امریکی طیارہ کرغزستان میں گر کر تباہ

افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے ایندھن لے جانے والا ٹینکر طیارہ کرغزستان میں امریکی ہوائی اڈے سے اڑنے کے تھوڑی دیر تباہ ہو گیا ہے۔

رواں ہفتے میں یہ دوسرا امریکی طیارہ ہے جوگر کر تباہ ہوا ہے۔ پیر کے روز بگرام کے ہوائی اڈے سے اڑنے والا امریکی طیارہ تباہ ہوگیا تھا جس میں عملے کے سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکہ کرغزستان کے ہوائی اڈے سے افغانستان میں موجود اپنی فوجیوں کو سازو سامان مہیا کرتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی ٹینکر طیارہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے نزدیک مانس کے ہوائی اڈے سے اڑنے کے تھوڑی دیر بعد تباہ ہوگیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طیارہ ہوا میں دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کے تین ٹکڑے ہوا میں دیکھے گئے۔

اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد سے متعلق ابھی معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

عینی شاہدین نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ انہوں نے دھماکے کی آواز سنی جس کے بعد طیارے کے ٹکڑے دیکھے گئے۔

امریکی ٹینکر طیارہ افغانستان برسرپیکار افواج کے ایندھن لے کر جا رہا تھا اور اس وقت ریڈار غائب ہو گیا جب وہ پہاڑی گاؤں چلدیبار کے قریب پہنچا۔