افغانستان میں سات امریکی فوجی ہلاک

افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کے حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو دو الگ واقعات میں سات امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

ایساف کے حکام کے مطابق پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ جنوبی صوبے ہلمند کے ضلع مائیوندمیاں میں پیش آیا۔

اتحادی فوج کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ فوجی معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی سڑک پر نصب بم سے ٹکرا گئی۔

ادھر مغربی صوبہ فرح میں ایک افغان فوجی نے فائرنگ کر کے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کیا۔ طالبان کا کہنا ہے کہ مذکورہ فوجی ان کا ساتھی تھا۔

افغانستان میں طالبان کی جانب سے موسم بہار میں نئے آپریشن شروع کرنے کے اعلان کے بعد افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے رواں ہفتہ انتہائی خونی ہفتہ ثابت ہوا ہے۔

رواں ہفتے میں نیٹو کی سربراہی میں کام کرنے والی ایساف فورسز سے تعلق رکھنے والے ستائیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی ہفتے تین ہوائی حادثوں میں انیس امریکی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ منگل کے روز صوبہ قندھار میں ایک اسی طرح کے حملے میں تین برطانوی فوجی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

گزشتہ ہفتے طالبان نے نو افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا تھا جو بارودی سرنگوں کو ہٹا رہے تھے۔ طالبان نے بعد میں ان افراد کو رہا کر دیا تھا۔