’بولٹ‘ چار لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت

بیلجئیم میں کبوتروں کی ریس میں حصہ لینے والے ایک کبوتر کو چین کی ایک کاروباری شخصیت نے چار لاکھ امریکی ڈالر کی ریکارڈ رقم میں خرید لیا ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’بولٹ‘ نامی کبوتر کے نئے مالک اسے پرندوں کی افزائشِ نسل کے لیے استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ دس میں سے نو مہنگے ترین کبوتروں کو نیلامی کے ذریعے خریدنے والے مالکان کا تعلق چین یا تائیوان سے ہے۔

’بولٹ‘ کی افزائشِ نسل بیلجئیم کے مشہور کبوتر باز لیو ہیرمانس نے کی۔

کبوتروں کی نیلامی کرنے والی ویب سائٹ ’پیپا‘ کے نکولس نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ جس طرح مشہور مصور پیکاسو کی بنائی گئی پینٹنگ کی قیمت ایک غیر مقبول فنکار کی پینٹگ سے زیادہ قیمتی ہے اسی طرح یہ کبوتر بھی قیمتی ہے۔

بیلجئیم کے کبوتر کو ’بولٹ‘ کا نام جمیکا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ یوسین بولٹ جنہوں نے سنہ 2012 لندن اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتا تھا کے نام پر رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال میں برطانیہ میں ایک کبوتر کو 16,000 ڈالرز کی ریکارڈ قیمت میں فروخت کیا گیا تھا اور اس کا خریدار بھی ایک چینی باشندہ تھا۔