یورپ میں بدترین سیلاب سے تباہی

یورپ کے وسطی ممالک میں بدترین سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بےگھر جبکہ چھ ہلاک ہو گئے ہیں۔

جرمنی، آسٹریا اور جمہوریہ چیک میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور بعض علاقوں میں بدترین سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور کم از کم آٹھ لاپتہ ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جرمنی کے علاقے ایلنگبرگ میں سات ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور سیلابی پانی سے شہر کے تاریخی سینٹر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ریڈیو پراگ کے مطابق شہر اور مضافاتی علاقوں سے تین ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ شہر کے چڑیا گھر کے جانوروں کو بھی منتقل کیا جا رہا ہے۔

شہر میں زیِر زمین ریلوے سروس اور سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم پیٹرنیکس نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں فوج کے ایک ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہر کے وسط سے گزرنے والے دریا کے کناروں پر دھاتی تختوں اور ریت سے بھری بوریوں کو نصب کیا جا سکے۔

وزیراعظم کے بقول’ہم اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے، پیر کی رات اور منگل کی صبح صورتحال انتہائی تشویشناک ہے‘۔

آسٹریا میں محکمۂ موسمیات کے مطابق دو ماہ کی بارش صرف دو دنوں میں برس گئی۔ سالزبرگ میں 300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

علاقے میں ہونے والی امدادی کارروائیوں میں فوج سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔

اسی بارے میں