امریکہ طالبان سے براہِ راست مذاکرات کرے گا

وائٹ ہاؤس کے سینیئر اہلکار نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ طالبان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کرے گا۔

یہ اعلان اس وقت ہوا ہے جب افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے افغانستان کی سکیورٹی کا کنٹرول افغان سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے۔

یہ مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آئندہ چند دنوں میں ہوں گے جب طالبان اپنا دفتر کھول لے گا۔

اس سے قبل افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا کہ اعلیٰ امن کمیٹی کے ارکان منگل کو قطر جائیں گے جہاں وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان دفتر کھول رہا ہے۔