سعودی عرب میں چھٹی کے دن تبدیل

سعودی عرب میں حکومتی ذرائع کے مطابق ہفتہ وار تعطیل کے دن تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

سعودی عرب میں جمعرات اور جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے اور اس کو تبدیل کرنے سے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بہتر تجارتی رابطے اور بینکوں سے لین دین کرنے میں آسانی ہو گی۔

سعودی عرب میں سال دو ہزار سات میں ہفتہ وار چھٹیوں کا دن تبدیل کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں تاجر برادری کافی عرصے سے اس کوشش میں تھی کہ چھٹیوں کا دن تبدیل کر دیا جائے تاکہ دوبئی سمیت خطے کے دیگر تجارتی مراکز سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔

اس ضمن میں ایک شاہی فرمان رواں ہفتے سے نافذ العمل ہو گا۔

گزشتہ ماہ عمان نے ہفتہ وار چھٹیوں کے دن تبدیل کرتے ہوئے جمعہ اور سنیچر کو چھٹی کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سعودی عرب خیلیج تعاون کونسل کے چھ ممالک میں سے واحد ملک تھا جہاں پر جمعرات اور جمعہ کو ہی چھٹی کی جاتی ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سی پی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’شاہ عبداللہ کے حکم کا مقصد منفی اثرات کو کم کرنا اور کھوئے ہوئے معاشی مواقع جس میں کام کرنے کے دن، مختلف مقامی محکموں، وزارتوں، اداروں اور خطے اور بین الاقوامی ہم منصبوں سے تسلسل کے ساتھ کام کرنا ہے۔‘

اس کا مطلب ہے کہ سعوی عرب میں بین الاقوامی معاشی مراکز کے تناظر میں ہفتے کے تین دن کی بجائے چار دن تک کام کریں گے اور اس کی وجہ سے تجارت کرنے میں آسانی ہو گی۔

اسی بارے میں