کروشیا یورپی اتحاد کا حصہ بن گیا

Image caption کروشیا نے دس سال پہلے یورپی اتحاد میں شامل ہونے کی درخواست دی تھی

کروشیا یورپی یونین کا اٹھائیسواں ممبر بن گیا ہے اور اتحاد کا حصہ بننے پر دارالحکومت زغرب میں جشن منایا گیا۔

اتوار کو گرینج کے معیاری وقت کے مطابق رات دس بجے کروشیا باقاعدہ طور پر یورپی اتحاد میں شامل ہو گیا۔

کروشیا کی آزادی کی خونی جنگ کے تقریباً بیس سال بعد یورپی اتحاد میں شامل ہوا ہے لیکن نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کروشیا میں یورپی اتحاد میں شامل ہونے کا جوش و جذبہ یورپی اتحاد اور خود کروشیا کے معاشی مسائل کی وجہ سے ماند پڑ گیا۔

کروشیا کے دارالحکومت زغرب کے مرکزی چوک میں جمع ہزاروں افراد کے ہجوم کے سامنے یورپی کمیشن کے صدر جوز مینویل بارسو نے کروشیا کے یورپی اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

’یورپی اتحاد میں خوش آمدید، یورپی اتحاد میں خوش آمدید‘ اور اس موقع پر یورپی ترانا بھی بجایا گیا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

کروشیا کے صدر ایوو یوسیوک نے اس موقع پر کہا ہے کہ ہماری سرزمین کے لیے آج کا دن بہت محسور کن اور غطیم ہے اور ہم نے اپنی تاریخ کی کتاب کا ایک نیا باب کھولا ہے۔

سال دو ہزار سات میں بلغاریہ اور رومانیہ کے یورپی اتحاد میں شامل ہونے کے بعد سے کروشیا پہلا ملک ہے جو یورپی اتحاد کا ممبر بنا ہے۔ کروشیا نے دس سال پہلے اس ضمن میں درخواست دی تھی۔

کروشیا سنہ انیس سو اکانوے سے پچانوے تک جنگ کے بعد یوگوسلاویہ سے الگ ہوا تھا۔

کروشیا میں بدعنوانی اور منظم جرائم یورپی رہنماؤں کے لیے ایک باعث تشویش رہے گا اور ابھی کروشیا میں سنگل کرنسی یورو اور ویزہ فری زون میں شامل نہیں ہو گا۔ تاہم یورپی اتحاد کے حصہ بننے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان مسائل کے برعکس ان کا کیس مضبوط رہے گا۔

گزشتہ سال دو تہائی شہریوں نے یورپی اتحاد میں شامل ہونے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

کروشیا کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم ویسنا پوسک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ہمارے لیے بنیادی طور پر یہ اہم ہے کہ ایک لمبے عرصے تک سیاسی استحکام اور اس کے بعد دوسری چیزیں، جس میں سنگل یا ایک مارکیٹ بھی شامل ہے‘۔

کروشیا کے فیصلے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ سابقہ یوگوسلاویہ کے دیگر ممالک کی بھی یورپی اتحاد میں شامل ہونے کی ہمت افزائی ہو گی۔

بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ماضی میں بدامنی کا شکار رہنے والے اس خطے میں طویل المدتی امن قائم ہونے میں مدد ملے گی۔

اسی بارے میں