برازیل: چھت پر گائےگرنے سے ایک شخص ہلاک

Image caption مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں اس علاقے میں یہ تیسرا حادثہ ہے

جنوب مشرقی برازیل میں ایک گھر کی چھت پر ایک گائے گرنے سے گھر کی چھت ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تاہم اس کی بیوی بال بال بچ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک ٹن وزنی گائے جنوب مشرقی برازیل کے كاراٹنگا شہر کے اس چھوٹے سے گھر کے پیچھے پہاڑی پر گھاس چر رہی تھی۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب وہ گائے کسی طرح اس گھر کی چھت پر گری تو اس کے وزن سے چھت ٹوٹ گئی اور یہ حادثہ رونما ہو گیا۔

جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت گھر میں 45 سال کے جواؤ ماریا ڈیسوزا سو رہے تھے۔

حادثے کے فورا بعد انھیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن ممکنہ طور جسم کے اندرونی حصے میں خون بہنے سے ایک دن بعد ہی ان کی موت ہو گئی۔

ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ڈیسوزا ہوش میں تھے اور ان کی حالت مستحکم نظر آ رہی تھی لیکن انھیں ڈاکٹر کو دکھانے کے لیے کافی انتظار کرنا پڑا۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں اس علاقے میں یہ تیسرا حادثہ ہے۔

اگرچہ گزشتہ دو ایسے واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پہلے حادثے میں جب گائے چھت پر گری تو اس وقت گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

دوسرے حادثے کے دوران جس جگہ پر چھت سے جانور گرا وہاں سے تھوڑے ہی فاصلے پر دو چھوٹے بچے سو رہے تھے تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔

برازیل کی ریاست مناز جیرس روایتی طور پر مویشی پالنے اور ڈیری پیداوار کے حوالے سے مشہور ہے۔