’شمالی کوریائی جہاز پر موجود اسلحہ کیوبا کا تھا‘

Image caption صدر ریکارڈو کا کہنا ہے کہ جہاز کیوبا سے پاناما کینال کی جانب جا رہا تھا

کیوبا نے پاناما میں روکے گئے شمالی کوریا کے بحری جہاز میں اپنے فوجی سازو سامان کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔

کیوبا کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا یہ بحری جہاز فرسودہ فوجی سازو سامان مرمت کے لیے کیوبا سے شمالی کوریا لے کر جا رہا تھا۔

گزشتہ ہفتے پاناما میں روکے جانے والے شمالی کوریا کے جہاز میں چینی کے ساتھ خفیہ طور پر غیر اعلان شدہ فوجی سازوسامان ملا تھا۔

کیوبا کے وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں بین الااقوامی قوانین کا احترام اور امن کے قیام کے لیے جوہری عدم پھیلاؤ سمیت تخفیفِ اسلحہ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز میں 240 ٹن فرسودہ دفاعی سامان موجود ہے جس میں دو اینٹی میزائل کمپلیکس، نو میزائلوں کے پُرزے اور لڑاکا جہازوں کے پرزے شامل ہیں۔

کیوبا کی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دفاعی سازوسامان بہت پرانا ہے جو مرمت کے بعد کیوبا کو واپس کیا جائے گا۔

پاناما کے صدر ریکارڈو مارٹنیلی نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ شمالی کوریا کا بحری جہاز کیوبا سے آ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس جہاز میں مشتبہ ’جدید میزائل کے پرزے‘ تھے۔

پاناما کے صدر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شائع کی ہے جس میں ساز و سامان میں سبز رنگ کی ایک شے پڑی ہوئی ہے۔

صدر ریکارڈو کا کہنا ہے کہ جہاز کیوبا سے پاناما کینال کی جانب جا رہا تھا اور اس کو مزید پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا ہے۔

’ہم جہاز میں سے چیزیں اتاریں گے اور معلوم کرنے کی کوشش کریں گے کہ اس ساز و سامان میں کیا تھا۔‘

پاناما کے صدر کے مطابق اس جہاز کے عملے کو حراست میں لے لیا گیا ہے بشمول کپتان کے جس نے اپنے آپ کو مارنے کی کوشش بھی کی۔

پاناما کے سینیئر وزیر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی حکام کو اس وقت شک پڑا جب جہاز کے کپتان اور عملے نے پرتشدد ردِعمل دکھایا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا پر ہتھیاروں کی درآمد اور برآمد پر پابندیاں عائد ہیں۔

ان پابندیوں کو اس وقت مزید سخت کردیا گیا جب شمالی کوریا نے تیسرا ایٹمی تجربہ کیا۔ ان پابندیوں میں ممالک کو اس بات کا حق دیا گیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے جہازوں کو روک کر تلاشی لے سکتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں شمالی کوریا کے کئی جہازوں کو روک کر تلاشی لی گئی ہے۔

اسی بارے میں