متعدد امریکی سفارتخانے چند روز بند رہیں گے

Image caption کابل میں امریکی سفارتخانہ (فائل فوٹو)

حکام کے مطابق آئندہ اتوار کو متعدد امریکی سفارتخانے لاحق خطرات کے نتیجے میں بند رہیں گے تاہم ان خطرات کی وضاحت نہیں کی گئی۔

امریکی دفترِ خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان ان تمام سفارتخانوں پر لاگو ہوتا ہے جو کہ عام طور پر اتوار کو کھلے ہوتے ہیں۔

مسلم دنیا کے کئی ممالک میں اتوار کو کام کیا جاتا ہے۔ دیگر ممالک میں امریکی سفارتی دفاتر اتوار کے روز ویسے ہی بند رہتے ہیں۔

گذشتہ سال گیارہ ستبمر کے روز لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی قونصل خانے پر ہوئے حملے میں امریکی سفیر سمیت چار امریکی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی عوام کو دھوکے میں نہیں رکھا:ہلیری

’بن غازی قونصلیٹ کی سکیورٹی ناکافی تھی‘

امریکہ کے سفارتخانوں کو اکثر مظاہروں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم نے اتوار کو عام طور پر کھلے رہنے والے تمام سفارتی دفاتر کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ چار اگست تک بند رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بھی ممکن ہے کہ ان دفاتر کو مزید روز بھی بند رکھا جائے۔‘

اہلکار کا کہنا ہے کہ وزارتِ خارجہ نے یہ احکامات احتیاطی بنیاد پر جاری کیے ہیں۔

امریکی قینل سی بی ایس نیوز کے مطابق بند کیے جانے والے سفارتی دفاتر میں بحرین، اسرائیل، اردن، کویت، لیبیا، عمان، قطر، سعودی عرب، یمن، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہے۔