ارجنٹائن: رہائشی عمارت میں دھماکے سے 12 ہلاک

Image caption دھماکے سے دس منزلہ عمارت کا سامنے کا پورا حصہ دھماکے سے تباہ ہو گیا

ارجنٹائن کے شہر روساریو کی ایک رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 60 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق 15افراد ابھی تک لاپتہ ہیں جنہیں امدادی کارکن ملبے تلے تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ یہ رہائشی اپارٹمنٹس کا بلاک کہیں گر نہ جائے جس کی وجہ سے ساتھ کی عمارتیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر کیا جا رہا ہے۔

شہر کے میئر مونیکا فین کا کہنا ہے کہ دھماکہ پانی گرم کرنے کے نظام سے منسلک گیس کے لیک ہونے سے ہوا۔

دھماکے سے دس منزلہ عمارت کا سامنے کا پورا حصہ دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ اس عمارت اور ساتھ کی عمارتوں میں تقریباً 50 اپارٹمنٹس تباہ ہو گئے۔

آگ بجھانے والے کارکنوں نے درجنوں افراد کو عمارت کی بالکونیوں اور اوپر کی منزلوں سے سے بچایا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر کے فاصلے سے سنی۔ پانچویں منزل کے ایک رہائشی نے مقامی اخبار کو بتایا کہ وہ غسل کر رہے تھے کہ ان کی چھت ان پر آ پڑی۔

روساریو مشہور فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کا آبائی شہر ہے جہاں وہ پیدا ہوئے تھے۔

روساریو بیونس آئرس اور قرطبہ کے بعد ارجنٹائن کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ لیونل میسی نے اس دھماکے کے بعد اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے تعزیتی پیغام بھجوایا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ اس سانحے سے متاثرہ تمام خاندانوں کے لیے نیک تمنائیں اور ہمت کی دعائیں بھیج رہے ہیں۔

اسی بارے میں