سکاٹ لینڈ: ہیلی کاپٹر حادثے میں چار ہلاک

Image caption ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق 18:20 بجے حادثے کا شکار ہوا تھا

سکاٹ لینڈ میں حکام کا کہنا ہے کہ شیٹ لینڈ جزائر میں ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سکاٹ لینڈ کوسٹ گارڈز کے مطابق حادثے کی شکار اس سوپر پیوما ہیلی کاپٹر میں 18 افراد سوار تھے جن میں سے14 کو بچا لیا گيا تھا اور انہیں طبی امداد کے لیے لروک ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

یہ حادثہ سمبرگ ایئر پورٹ کے مغرب میں جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق شام چھ بج کر بیس منٹ پر وقوع پزیر ہوا۔

لائف بوٹ کے ایک عملے کوکس سوین بروکس لیکس نے بتایا کہ ‏ایک امدادی ہیلی کاپٹر کی نشاندہی کے بعد دو افراد کی نعشوں کو لائف بوٹ کے ذریعے نکالا گيا۔

اس سے پہلے لاپتہ افراد کے لیے سمندری اور فضائی تلاش جاری تھی، تین افراد کی نعشیں ملنے کے بعد اب بھی ایک فرد لاپتہ ہے۔

کوسٹ گارڈ کی ایک ترجمان نے کہا: ’اس حادثے کے شکار لوگوں کو مختلف قسم کی چوٹیں آئی ہیں اور کوئی بھی اس میں بغیر خراش کے نہیں بچا ہے۔‘

اس ہیلی کاپٹر میں ہیلی کاپٹر عملے کے دو افراد کے علاوہ 16 افراد سوار تھے اور یہ ہیلی کاپٹر شمالی سمندر میں تیل اور گیس کے کارخانے سے لوگوں کے لانے اور لے جانے میں استعمال ہوتا تھا۔

اس سے پہلے امدادی کاموں میں تعاون کرنے والے آر این ایل آئی کے جم نکولسن نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایسی جگہ تھا جہاں تک رسائی ممکن نہیں تھی اور سمندری موسم بھی کوئی اچھا نہیں تھا۔

انھوں نے کہا تھا کہ اندھیرے کے سبب انھیں امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔

اس سے قبل بھی اس علاقے میں ایسے حادثے ہوتے رہے ہیں۔

گذشتہ سال دو حادثے ہوئے تھے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن 2009 میں شمالی سمندر میں ابرڈین جاتے ہوئے گیئر باکس میں خرابی کے سبب پیوما ہیلی کاپٹر حاثے کا شکار ہو گيا تھا اور اس میں 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں