امریکی انٹیلجنس ایجنسیوں کے بجٹ کی تفصیلات افشا

Image caption امریکہ ایڈورڈ سنوڈن کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ دائر کر چکا ہے

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کی طرف سے افشا کی جانی والی معلومات کے مطابق امریکی کی سولہ انٹیلیجنس ایجنسیوں کا سالانہ بجٹ 52.6 ارب ڈالر ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایڈرورڈ سنوڈن کی طرف سےمہیا کی جانی والی معلومات کی بنیاد پر امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے بجٹ کی تفصیلات شائع کی ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکہ میں سولہ انٹیلیجنس ایجنسیاں ہیں۔ باون ارب ڈالر سے زیادہ سالانہ بجٹ میں سے 14.7 ارب ڈالر صرف سی آئی اے پر خرچ ہوتا ہے۔

جرمنی کا امریکہ سے جاسوسی تعاون کا معاہدہ ختم

ایڈورڈ سنوڈن کا پناہ دینے روس کا شکریہ

’نگرانی کا راز افشا کرنے والے سنوڈن غدار ہیں‘

ایڈورڈ سنوڈن اس وقت روس میں ہیں جہاں انہیں سیاسی پناہ مل چکی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق دو انٹیلیجنس ایجنسیاں بیرونی ممالک کے کمپیوٹر نیٹ ورک کو ہیک کرتی ہیں۔

امریکہ 2007 کے بعد سے انٹیلیجنس ایجنسیوں پر سالانہ خرچ کی رقم تو بتاتا ہے لیکن اس نے مختلف انٹیلیجنس اداروں کے بجٹ کو ہمیشہ خفیہ رکھا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے تمام انٹیلجنس ایجنسیوں کے بجٹ کا چارٹ شائع کیا ہے لیکن اس سے متعلق تمام ’حساس‘ دستاویزات شائع نہیں کی ہیں۔

واشنٹگن پوسٹ کے مطابق 2004 کے بعد سی آئی اے کا سالانہ بجٹ پچاس فیصد بڑھ چکا ہے۔

معلومات کے مطابق نیشنل سکیورٹی ایجنسی کا سالانہ بجٹ 10.8 ارب ڈالر ہے۔

سی آئی اے کا آدھا بجٹ انسانی انٹیلیجنس کے حصول پر خرچ ہوتا ہے۔ سی آئی اے کے بجٹ میں 67 ملین ڈالر بیرون ملک اپنے ایجنٹوں کی شناخت کو چھپانے پر خرچ ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سی آئی اے اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی دشمن ممالک کے کمپیوٹر نیٹ ورک کو ناکارہ بنانے کے لیے حملے کرتے ہیں۔

ان معلومات کے مطابق امریکہ چین، روس، ایران، کیوبا، اور اسرائیل کی جاسوسی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھتا ہے۔

اسرائیل امریکہ کا اتحادی ہے لیکن ماضی میں ایسی معلومات بھی سامنے آتی رہی ہیں کہ اسرائیل امریکہ کی جاسوسی کرتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ انٹرنیٹ لنکس

بی بی سی بیرونی ویب سائٹس کے مواد کا ذمہ دار نہیں