چھ کروڑ ڈالر کے ’پنک سٹار‘ کی نیلامی

Image caption پنک سٹار کی نیلامی تیرہ نومبر کو ہوگی

مشہور نیلام گھر سودیبیز کا کہنا ہے کہ سوئس شہر جنیوا میں ہونے والی نیلامی کے لیے پیش ہونے والے ایک گلابی ہیرے کی بنیادی قیمتِ فروخت چھ کروڑ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔

نیلام گھر کے مطابق بیضوی شکل کے اس ہیرے کا نام ’پنک سٹار‘ ہے اور یہ دنیا میں نیلام کیے جانے والا سب سے قیمتی ہیرا ہوگا۔

سودیبیز کے ڈیوڈ بینٹ کا کہنا ہے کہ یہ ہیرا ’اس زمین کے شاندار ترین قدرتی خرانوں میں سے ایک ہے۔‘

یہ ’گراف پنک‘ نامی چوبیس اعشاریہ آٹھ کیرٹ کے اس گلابی ہیرے سے حجم میں دوگنا ہے جسے ریکارڈ چار کروڑ باسٹھ لاکھ ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا۔

’پنک سٹار‘ کو 1999 میں جنوبی افریقہ میں ڈی بیئرز کمپنی کی کانوں سے نکالا گیا تھا۔ امریکہ کے جیمولوجیکل انسٹیٹیوٹ کے مطابق یہ ہیرا شفافیت اور رنگ میں اعلیٰ ترین معیار کا ہے۔

ابتدا میں اس کا وزن ایک سو بتیس اعشاریہ پانچ کیرٹ تھا لیکن دو برس کی تراش خراش کے بعد اب یہ انسٹھ اعشاریہ چھ کیرٹ کا ہے۔

سودیبیز کے شعبۂ جواہرات کے سربراہ ڈیوڈ بینٹ نے کہا ہے کہ ’مجھے گزشتہ 35 برس میں دنیا کے بہترین جواہرات کے معائنے کا موقع ملا ہے لیکن میں بلاجھجھک کہہ سکتا ہوں کہ پنک سٹار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔‘

ان کے مطابق پانچ کیرٹ کا ایسا بےداغ ہیرا ملنا ہی بہت مشکل ہے اور یہ انسٹھ اعشاریہ چھ کیرٹ کا گلابی ہیرا تو کسی بھی معیار سے بالاتر ہے۔

یہ ہیرا اس سے قبل 2007 میں فروخت کیا گیا تھا تاہم اس وقت نہ اس کی قیمت اور نہ ہی مالک کا نام سامنے آیا تھا۔

اب پنک سٹار کی نیلامی تیرہ نومبر کو ہوگی۔

سودیبیز اس سے قبل ہانگ کانگ میں ہونے والی نیلامی میں ایک سفید اور ایک نیلا ہیرا بالترتیب اٹھائیس اور انیس ملین ڈالر میں نیلام کر چکا ہے۔

اسی بارے میں