برطانیہ: پائلٹ بیمار ہونے پر مسافر نے طیارہ اتار لیا

Image caption حکام نے پائلٹ کی صحت کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی ہیں

برطانیہ میں دورانِ پرواز پائلٹ کے بیمار پڑ جانے کے بعد ایک مسافر نے جہاز کو بحفاظت ایئرپورٹ پر اتار لیا۔تاہم پائلٹ طیارہ اترنے کے بعد دم توڑ گیا۔

فضائی کمپنی کےایک ترجمان کے مطابق جہاز کے پائلٹ کے بیمار ہونے کی اطلاع کنٹرول ٹاور کو دی گئی اور ٹاور نے ماہرین کو طلب کیا جنہوں نے مسافر کی جہاز کو لینڈ کرانے میں رہنمائی کی۔

اطلاعات کے مطابق اس مسافر نے ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کر رکھی تھی لیکن اس نے کبھی جہاز کو لینڈ نہیں کرایا تھا۔

اطلاعات کے مطابق زمین پر جہاز کے بحفاظت اتر جانے کے تھوڑی دیر بعد پائلٹ کا انتقال ہو گیا۔

نارتھ لنکنشائر ایئرپورٹ کے حکام کے مطابق لینڈنگ کے وقت ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریاں کی گئی تھیں جس میں فائر بریگیڈ کے عملے اور پولیس کو بھی طلب کر رکھا تھا۔

سٹیورٹ سکائز کے مطابق مسافر تیسری کوشش میں جہاز کو اتارنے میں کامیاب ہوا۔

’جہاز کا اگلا حصہ پہلے نیچے ٹکرایا، ٹکرانے کی ایک آواز آئی، پھر آواز آئی اور پھر یہ رک گیا۔ چنگاری نکلتی ہوئے بھی دیکھی اور ہو سکتا ہے کہ ایسا زمین سے رگڑ لگنے کی وجہ سے ہوا ہو۔

جہاز میں ایک پائلٹ اور ایک مسافر ہی سوار تھا۔

ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے ایئرپورٹ پر آنے والی دو پرازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایئرپورٹ کے قریب سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

اسی بارے میں