مصر: معزول صدر مرسی کے خلاف مقدمہ چار نومبر سے

محمد مرسی
Image caption معزول صدر محمد مرسی کو ملک کے مظاہروں کے بعد فوج نے ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

مصر میں فوج کے ہاتھوں معزول صدر محمد مرسی کے خلاف قتل پر اکسانے اور تشدد کے الزامات پر مقدمہ چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہیں رواں سال جون میں ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے بعد ان کے عہدے کے معزول کر دیا گیا تھا۔

محمد مرسی کے خلاف مقدمے کا آغاز چار نومبر سے ہوگا۔

محمد مرسی کو قتل کے لیے اکسانے کے الزام میں مقدمہ چلے گا اور ان کے علاوہ اخوان المسلمون کے 14 دیگر رہنماؤں ہر بھی یہی الزام ہے۔

مرسی پر گذشتہ برس صدارتی محل کے باہر ہونے والے مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

محمد مرسی کی معزولی کے بعد مصر بھر میں ان کے حق اور مخالفت میں پرتشدد مظاہروں کا آغاز ہو گیا تھا۔ جس کے بعد جھڑپوں میں متعدد لوگ مارے گئے ہیں۔

اتوار کو متعدد شہروں میں مرسی کے حامیوں، مخالفین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

گذشتہ دو ماہ میں اخوان المسلمون کے ہزاروں ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ محمد مرسی اور تحریک کے مرکزی رہنما محمد بدیع سمیت کئی سینیئر ارکان کو تشدد اور قتل کے لیے اکسانے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مصر میں ایک عدالت نے معزول صدر مرسی کی جماعت اخوان المسلمین کی ’تمام سرگرمیوں‘ پر پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔

پچاسی سال پرانی اسلامی جماعت پر مصر کی فوج نے 1954 میں پابندی عائد کر دی تھی۔ اخوان المسلمین کے مخالفین نے اس کی قانونی حیثیت کو عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا جس کے نتیجے میں جماعت نے رواں سال مارچ میں خود کو این جی او کے طور پر رجسٹر کروا لیا تھا۔

مصر کے لیے امداد میں کمی

ادھر امریکی میڈیا کے مطابق امریکی حکومت نے مصری فوج کے لیے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر کی امداد معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق مصری فوج کے لیے ٹینکوں اور جنگی ہوائی جہازوں کی ترسیل روک دی جائے گے تاہم انسدادِ دہشت گردی اور سرحدی حفاظت کی مد میں دی جانے والی امداد متاثر نہیں ہوگی۔

اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

مصر کی فوج کے لیے دی جانے والے اس امداد پر نظر ثانی اگست میں اس وقت شروع ہوئی جب محمد مرسی کی معزولی کے بعد حکام کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا۔

محمد مرسی کی معزولی سے قبل وائٹ ہاؤس نے مصر کے لیے 2014 کے لیے ڈیڑھ ارب سے زائد کی امداد کی درخواست کی تھی۔ اس میں سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر فوج کے لیے اور 25 کروڑ معاشی امداد کے لیے تھے۔

اسی بارے میں