بریڈفورڈ برطانیہ کا ’کری کیپیٹل‘

Image caption منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سال یہ مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت تھا

برطانوی شہر بریڈفورڈ نے 21 شہروں کو ہرا کر مسلسل تیسری بار ملک کے کری کیپیٹل (Curry Capital) ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

بریڈفورڈ نے ایک اور سابق چیمپیئن گلاسگو کو سخت مقابلے کے بعد صرف دو پوائنٹ کے فرق سے شکست دی۔

مقابلے کی 11 سالہ تاریخ میں گلاسگو اور بریڈفورڈ دونوں چار چار بار فتح یاب ہوئے ہیں۔

مقابلے کے ناظم پیٹر گروو نے کہا کہ مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت تھا۔

بریڈفورڈ نے کری کیپیٹل کا خطاب جیتنے کے لیے سو میں سے 83.6 پوائنٹ حاصل کیے، جب کہ گلاسگو کے پوائنٹ 81.3 تھے۔

وولورہیمپٹن نے سو میں سے 71.7 پوائنٹ لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس مقابلے کا اہتمام فیڈریشن آف سپیشل ریسٹورانٹس ہر سال کرتی ہے۔

ناظمین کا کہنا ہے کہ بریڈفورڈ نے یہ مقابلہ جیتنے کے لیے مقامی ریستورانوں کےساتھ مل کر کام کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔

گروو نے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ سخت مقابلے کے بعد بریڈفورڈ کو عوامی ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا: ’اس سال کا مقابلہ ہمیشہ سے زیادہ سخت تھا اور اس میں 22 شہر حصہ لے رہے تھے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’کری کیپیٹل کے انعام سے برطانیہ میں سالن کے شعبے کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے، اور بریڈفورڈ کے ریستوران اس مقصد کے لیے زبردست داعی ہیں۔‘

واضح رہے کہ برطانیہ میں ’کری‘ کا لفظ برصغیر سے گیا ہے اور اس کا مطلب مسالہ دار سالن ہے جس میں گوشت، سبزی یا مچھلی استعمال کی جا سکتی ہے اور اسے عام طور پر چاولوں کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔

اسی بارے میں