برطانیہ: ’مجرموں کو ووٹ کا حق نہیں‘

Image caption یہ دونوں افراد قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

برطانوی سپریم کورٹ نے دو برطانوی قیدیوں کی اس استدعا کو مسترد کر دیا ہے کہ انہیں جیل میں ہوتے ہوئے بھی ووٹ کا حق حاصل ہے۔

پیٹر چیسٹر اور جارج میگیوکھ نے یہ دلیل پیش کی تھی کہ انہیں یورپی یونین کے قانون کے تحت ووٹ کا حق حاصل ہے۔ تاہم وہ برطانوی قانون کے تحت ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔

یہ دونوں افراد قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمروں نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ فیصلہ ’عقل کی عظیم فتح ہے‘۔

اس سے پہلے انسانی حقوق کی یورپی عدالت برطانیہ سے کہہ چکی ہے کہ قیدیوں کے ووٹ دینے پر جامع پابندی کو ختم کیا جائے۔

برطانوی پارلیمان اس سلسلے میں ایک قانون پر غور کر رہی ہے لیکن ابھی تک اس حوالے سے کسی فیصلے پر نہیں پہنچی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بی بی سی کے نامہ نگار کلائیو کولمین کا کہنا تھا کہ ’برطانوی سپریم کورٹ نے یورپی عدالت کے فیصلے کے برعکس اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ یورپی عدالت کا فیصلہ برطانیہ میں کسی مجرم کو ووٹ کا حق نہیں دیتا اور یورپی یونین کے قوانین کے تحت ووٹ کا حق دینا قومی پارلیمانوں کے دائرہ اختیار میں ہے۔‘

برطانیہ میں حکومتیں اس معاملے میں ووٹ کا حق نہ دیے جانے کے موقف پر قائم رہی ہیں لیکن انسانی حقوق کی یورپی عدالت کا کہنا ہے کہ قیدیوں پر جامع پابندی غیر متناسب ہے۔

عمر قید کی سزا کاٹنے والے پیٹر چیسٹر نے 1973 میں اپنی بھتیجی کا ریپ کرنے کے بعد گلا گھونٹ کر مار ڈالا تھا۔ انہوں نے اپنی کم از کم سزا کاٹ لی ہے لیکن پیرول بورڈ نے انہیں خطرناک قرار دیتے ہوئے رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سنہ دو ہزار آٹھ میں انہوں نے یورپی پارلیمان کے انتخابات میں ووٹ دینے کے لیے الیکٹرول میں اپنا نام درج کروانے کی کوشش کی تھی لیکن وزارت قانون کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا کرنے کے لیے قانون میں تبدیلی کا انتظار کرنا ہوگا۔

دوسرے کیس میں جارج میگیوکھ نے جو سکاٹ لینڈ کی ایک جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، دلیل پیش کی تھی کہ یورپی قانون انہیں مقامی اور یورپی انتخابات میں ووٹ کا حق دیتا ہے۔

گزشتہ سال حکومت کا کہنا تھا کہ انہیں بعض قیدیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون میں ترمیم کرنی ہوگی۔

وزرا نے ایک نئے بل کا مسودہ تیار کر لیا ہے جو پارلیمنٹ میں زیر غور ہے۔ اس بل میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ ووٹ کا حق ان قیدیوں تک محدود رکھا جائے جو چھ ماہ یا چار سال سے کم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔