فلپ بارٹن پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تعینات

Image caption فلپ بارٹن سابق وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور جان میجر کے پرائیوٹ سیکریٹری کے طور پر کام کر چکے ہیں

برطانیہ نے وزارت خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار فلپ بارٹن کو پاکستان میں اپنا نیا ہائی کمشنر تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فلپ بارٹن موجودہ ہائی کمشنر ایڈم ٹامسن کی جگہ لیں گے۔

برطانوی کی وزارت خارجہ کے مطابق فلپ بارٹن اپنا عہدہ جنوری 2014 میں سنبھالیں گے۔

فلپ بارٹن نے 1986 میں برطانیہ کی وزارتِ خارجہ اور کامن ویلتھ آفس میں اپنی ملازمت کا آغاز کیا۔ پاکستان میں ہائی کمشنر کی تعیناتی سے پہلے وہ امریکہ میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے طور پر کام کر رہے تھے۔

فلپ بارٹن سابق وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور جان میجر کے پرائیویٹ سیکریٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔اس کے علاوہ وہ جبرالٹر میں ڈپٹی گورنر کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ یونانی قبرص اور وینزویلا میں ڈپٹی ہائی کمشنر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

فلپ بارٹن نے ماضی میں ڈائریکٹر فارن پالیسی پاکستان اور افغانستان کے علاوہ جنوبی ایشیا سے متعلق مختلف عہدوں پر کام کیا ہے۔ فلپ بارٹن اس سے پہلے ایڈیشنل ڈائریکٹر آف ساؤتھ ایشیا کے عہدے پر کام کر چکے ہیں۔ وہ بھارت میں بھی تعینات رہے ہیں۔

پاکستان کے لیے ہائی کمشنر مقرر ہونے کے بعد فلپ بارٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں بطور ہائی کمشنر تعیناتی ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں دس لاکھ پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کریں گے۔

اسی بارے میں