فلپائن میں طوفان سے تباہی کے بعد ایمرجنسی کا نفاذ

Image caption سمندری طوفان نے ٹیکلوبان میں گھروں، سکولوں اور ایک ہوائی اڈے کو تباہ کیا

فلپائن کے صدر نے تباہ کن طوفان ہیان سے ہونے والے تباہی کے بعد امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے ملک میں قومی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

ملک کے صدر بنیگنو اکینو نے ایک بیان میں کہا کہ لیت اور سمار کے صوبے طوفان میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

حکام کو سمندری طوفان ہیان سے متاثرہ افراد تک امداد پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10,000 تک پہنچ سکتی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق طوفان سے تقریباً 98 لاکھ افراد متاثر ہوئے جن میں 6 لاکھ 60 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

فلپائن میں پانی کا ’عذاب‘

’تاریخ کا بدترین طوفان‘ جزیرے سے ٹکرا گیا

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ اقوامِ متحدہ منگل کو امدادی کارروائیوں کے لیے ایک بڑا منصوبہ سامنے لائے گی۔ انھوں نے اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک سے کہا کہ وہ فلپائن کے لوگوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کریں۔

انھوں نے کہا کہ’ہم سب نے اس بڑے طورفان کی وجہ ہونے والے نقصان کے دل دہلانے والے تصاویر دیکھیں ہیں۔‘

شہروں میں ٹیکلوبان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ وہاں پر بی بی سی کے نامہ نگار جان ڈنیسن کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد تک امداد پہنچنے میں تاخیر ہے۔

امدادی ادارے ریڈ کراس کے سربراہ نے تباہ کن طوفان ہیان سے ہونے والے تباہی کے بعد کے مناظر کو مکمل افراتفری کا عالم قرار دیا ہے۔

فلپائن میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ریڈ کراس کے سربراہ رچرڈ گورڈن نے بی بی سی کو بتایا کہ سڑکوں کا صاف کیا جانا نہایت ضروری ہے تاکہ دور دراز علاقوں تک خوراک، کپڑے، دوائیں اور پینے کا صاف پانی پہنچایا جا سکے۔

امریکی فوج کے ہوائی اور بحری جہاز متاثرین کی مدد کے لیے علاقے میں بھیجےگئے ہیں۔

امریکی صدر نے فلپائن میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

دیگر ممالک نے بھی لاکھوں ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے اور کئی امدادی ادارے ہنگامی امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فلپائن میں ریڈ کراس کے سربراہ رچرڈ گورڈن نے بی بی سی کو بتایا کہ ’وہاں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہر جگہ بہت سے لوگ مارے گئے ہیں۔ بہت زیادہ تباہی ہے۔

’اس وقت مکمل افراتفری کا عالم ہے لیکن امید ہے کہ جیسے جیسے امداد پہنچے گی حالات بہتر ہو جائیں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کے لیے سڑکیں صاف کی جاری ہیں تاکہ وہ زیادہ متاثرہ علاقوں تک پہنچ سکیں۔ اور خدشہ ہے کہ وہاں پہنچنے پر انہیں راستے میں مزید لاشیں مل سکتی ہیں۔

فلپائن میں تباہی پھیلانے کے بعد ہیان نامی یہ طوفان نے ویتنام کے شمالی صوبے کوانگ نیہ سے ٹکرایا ہے۔ طوفان میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ کی ہوائیں چل رہی ہیں۔ویتنام میں چھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تاہم اس دوران کم سے کم گیارہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

فلپائن کی حکومت نے اب تک سینکڑوں افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ صرف ٹیکلوبان ہی میں دس ہزار افراد تک کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سمندری طوفان نے ٹیکلوبان میں گھروں، سکولوں اور ایک ہوائی اڈے کو تباہ کیا جبکہ امدادی کارکنوں کو تباہی کا شکار علاقوں تک پہنچنے میں دشواریاں درپیش ہیں۔

بہت سے علاقے صاف پینے کے پانی، بجلی اور خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ ان علاقوں میں ہزاروں فوجی تعینات کیے گئے ہیں جن کی مدد کے لیے فوجی طیارے سامان لانے اور لے جانے کا کام کر رہے ہیں۔

پوپ فرانسس نے بھی سمندری طوفان سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے اپیل کی ہے۔ فلپائن میں ان کے پیروکار بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

فلپائن میں بی بی سی کے نامہ نگار روپرٹ وینگ فیلڈ کے مطابق ٹیکلوبان میں جگہ جگہ تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

نامہ نگار کے مطابق وہاں ہزاروں مکانات زمین بوس ہو چکے ہیں اور پینے کے صاف پانی اور خوراک کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہم بھی معطل ہے۔

ملک کے مرکزی علاقوں میں مواصلات کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

حکام نے اس سے قبل کہا تھا کہ طوفان کی وجہ سے ملک کے 20 صوبوں میں لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

طوفان کی وجہ سے سمار، لیت اور بوہول کے صوبوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ یہ طوفان جمعے کی صبح فلپائن کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا۔ اس طوفان میں ہوا کی رفتار 379 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور اس کے سبب ساحل پر 15 میٹر اونچی لہریں اٹھ رہی تھیں۔ اس دوران بعض جگہ 400 ملی میٹر بارش بھی ہوئی۔یہ اس سال فلپائن میں آنے والا پچیسواں طوفان ہے۔

اسی بارے میں