عالمی تجارتی ایکسپو 2020 کے لیے دبئی منتخب

Image caption پیرس میں دبئی کے نام کا اعلان ہوتے ہی دبئی میں موجود دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج الخلیفہ سے آتش بازی کی گئی

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کو سنہ 2020 کے تجارتی عالمی ایکسپو کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

اس کے انعقاد کی میزبانی کے لیے برازیل، ترکی اور روس نے بھی درخواستیں پیش کی تھیں لیکن فیصلہ دبئی کے حق میں رہا۔

جوں ہی پیرس میں دبئی کے نام کا اعلان ہوا دبئی میں موجود دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج الخلیفہ سے آتش بازی کی گئی۔

واضح رہے کہ دبئی مشرق وسطیٰ کا پہلا شہر ہے جہاں عالمی تجارتی نمائش منعقد کی جائے گی۔

ہر پانچ سال پر اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

اس میں دنیا بھر سے سینکڑوں ممالک شرکت کرتے ہیں اور فن تعمیر اور ٹیکنالوجی کے شعبے ہونے والی جدت طرازیوں کی نمائش کرتے ہیں۔

دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المختوم نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس تقریب کے انعقاد سے دنیا کو متحیر کر دیں گے۔

پیرس میں فائنل راؤنڈ کی ووٹنگ کے دوران دبئی نے روس کے شہر یکاتیرنگبرگ کو شکست دے کر یہ امتیاز حاصل کیا ہے۔

مقابلے میں شامل دوسرے شہروں میں برازیل کا ساؤ پالو وار ترکی کا ازمیر شہر تھا۔

اس جیت کے بعد شیخ المختوم نے کہا: ’ہم دنیا کو سنہ 2020 میں متحیر کرنے کا وعدہ دہراتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا: ’عہد وسطیٰ میں ثقافتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے اختلاط و ارتباط کا قدیمی کردار جو مشرق وسطیٰ ادا کرتا رہا ہے دبئی ایکسپو 2020 اس میں نئی روح ڈال دے گا۔‘

دبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ اس نمائش سے 23 ارب ڈالر آمد کی امید ہے، جبکہ چھ ماہ تک جاری رہنے والی اس تقریب پر تقریباً ساڑھے آٹھ ارب امریکی ڈالر اخراجات آئیں گے۔ اس میں سے حکومت بنیادی ڈھانچوں کے لیے ساڑھے چھ ارب ڈالر لگائے گی۔

اس تقریب کے لیے ایک وسیع نمائش مرکز بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ نئے ہوٹل بنائے جائيں گے اور دبئی میٹرو لائن میں توسیع کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سنہ 2015 کا ایکسپو اٹلی کے شہر میلان میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں