امریکہ: فٹ بال کے مداحوں کے باعث زلزلہ

امریکہ کے ایک ریسرچ گروپ کا کہنا ہے کہ امریکی فٹ بال ٹیم کے مداحوں کے پرزور جشن کے باعث معمولی درجے کا زلزلہ رجسٹر کیا گیا۔

یہ فٹ بال میچ سیئیٹل سی ہاکس اور نیو اورلینز سینٹس کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔

پہلے کوارٹر کے شروع میں سی ہاکس کی جانب سے ٹچ ڈاؤن کے بعد اس ٹیم کے شائقین اچھل پڑے۔

زلزلوں پر نظر رکھنے والے پیسفک نارتھ ویسٹ نیٹ ورک نے ایک اور دو کے درمیان کی شدت زلزلہ نوٹ کیا۔

یہ میچ سی ہاکس نے 7-34 سے جیت لیا۔

پیسفک نارتھ ویسٹ نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جان ویدال نے سی این این کو بتایا کہ سینٹر نے زلزلے کے پانچ جھٹکے رجسٹر کیے ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں تھا کہ فٹ بال میچ نے سیئیٹل کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس سے قبل 2011 میں بھی ایک فٹ بال میچ میں ٹچ ڈاؤن کے بعد زلزلے کے جھٹکے رجسٹر کیے گئے۔

سیئیٹل سی پاکس اور نیو اورلینز سینٹس کے درمیان میچ سنچری لنک فیلڈ میں کھیلا گیا۔