ملکہ کے مرتبانوں سے دور رہیں: اہلکاروں کو انتباہ

Image caption ’ملکہ نے مرتبانوں پر نشان لگانے شروع کر دیے تاکہ ان کو معلوم چل سکے کہ اس مرتبان میں سے میوہ کھایا گیا ہے یا نہیں‘

برطانوی عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ بکنگھم پیلس میں موجود خشک میوے کے مرتبانوں پر نشان لگاتی ہیں کیونکہ اکثر ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار یہ میوے کھا جاتے ہیں۔

برطانوی عدالت میں نیوز آف دی ورلڈ کے شاہی خاندان کے سابق ایڈیٹر کلائیو گڈمین کی ای میل پڑھی گئی جس میں لکھا تھا کہ ملکہ بہت ناخوش ہیں۔

کلائیو کے مطابق محل کے اہلکاروں کو ایک ای میل بھیجی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ’مرتبانوں سے اپنے ہاتھ دور رکھیں۔‘

ای میل کے مطابق ’مسئلہ یہ ہے کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکار بہت زیادہ خشک میوے کھا جاتے ہیں ۔۔۔ اب سب کو ایک ای میل بھیجی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مرتبانوں سے دور رہیں۔‘

ای میل میں مزید لکھا ہو ہے ’ملکہ نے مرتبانوں پر نشان لگانے شروع کر دیے ہیں تاکہ ان کو پتہ چل سکے کہ اس مرتبان میں سے خشک پھل کھائے گئے ہیں۔‘

ان مرتبانوں میں بادام اور کاجو کے علاوہ ہندوستانی طرز کے نمکو بھی رکھے جاتے ہیں۔

وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملکہ بہت ناخوش تھیں کیونکہ پولیس والے یہ سب کچھ چٹ کر جاتے تھے۔

عدالت میں قہقہوں کے درمیان جسٹس سونڈرز نے جیوری سے کہا کہ پولیس اہل کاروں کی جانب سے خشک میوے کی چوری کے الزامات ابھی تک ثابت نہیں ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں