لندن: اپولو تھیٹر کی چھت گرنے سے کم از کم 76 افراد زخمی

Image caption حادثے کے وقت تھیٹر میں تقریباً 720 افراد موجود تھے۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پولیس کے مطابق اپولو تھیٹر کی چھت کا کچھ حصہ گرنے سے کم از کم 80 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں چار شدید زخمی ہیں۔

جس وقت لندن کی شافٹسبری ایونیو میں واقع تھیٹر کی چھت گری اس وقت وہاں شو جاری تھا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

ذرائع کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور تھیٹر کو سیل کر دیا گیا ہے جس کے بعد عمارت کا معائنہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل لندن ایمبولینس کا کہنا تھا کہ ملبے میں پھنسے افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ کے عملے کا کہنا ہے کہ موقع پر آگ بجھانے والی آٹھ گاڑیاں موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت تھیٹر میں تقریباً 720 افراد موجود تھے۔

اس سے قبل عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے لوگوں کو دھول میں لپٹے عمارت سے نکلتے ہوئے دیکھا جن میں سے کچھ کا خون بہہ رہا تھا اور وہ رو رہے تھے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ’مجھے اپولو میں پیش آنے والے حادثے کے بارے میں باقاعدگی سے اطلاعات مل رہی ہیں۔ میں امدادی سروسز کا شکر گزار ہیں جنھوں نے فوری طور پر زخمیوں کی امداد کی۔‘

لندن کے میئر بورس جانسن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’انھوں نے لندن میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر سے بات کی ہے اور متعلقہ ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔ ان کی دعائیں اس سنگین حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔‘

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فائر بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے اہلکار تھیٹر کی چھت کا معائنہ کر رہے ہیں اور ابھی تک چھیت گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

اسی بارے میں