فرانس: موٹروے پر وہیل مچھلی

Image caption اس مچھلی کو فرانس کے شہر لورین میں دیکھا گیا

فرانس میں ٹوئٹر صارفین کو ایک ٹرک پر لدی ہوئی سپرم وہیل مچھلی نے ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔

تفصیلات کے مطابق مشرقی فرانس میں لورین شہر میں ایک ٹرک پر لادی ہوئی سپرم وہیل مچھلی بہت دیر تک لوگوں کے لیے معمہ بنی رہی۔

آس پاس گزرنے والے ڈرائیوروں نے اس مچھلی کی تصاویر لیں اور انہیں ٹوئٹر پر شیئر کرنا شروع کیا جو 31 دسمبر کو سڑک پر نظر آئی۔

نیدرلینڈ سے تعلق رکھنے والے اس ٹرک کے بارے میں سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہوتی رہیں۔

ٹوئٹر پر صارفین کا کہنا تھا کہ وہیل مچھلیوں کو سڑک پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے خصوصی قوانین ہیں۔

بعض کا کہنا تھا کہ وہیل اتنے لمبے سفر کے نتیجے میں شاید ہی زندہ بچ پائے۔

بلاخر ان سب باتوں کے بعد نتیجہ یہ نکلا کہ یہ وہیل مچھلی کا ایک فائبر گلاس سے بنا ہوا مجسمہ تھا جسے بیلجئیم میں مقیم چند فنکاروں نے بنایا تھا۔

Image caption ماچو گولیمی نے تصویر ٹویٹ کی جس پر بات شروع ہوئی

اس گروپ سے تعلق رکھنے والے برٹ وین پیل نے لورین کے مقامی اخبار کو بتایا کہ یہ مجسمہ سپین میں ایک نمائش کے بعد نیدرلینڈ واپس لیجایا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ مجسمہ یورپ کے دورے پر تھا اور اس کا مقصد سپرم وہیل کو درپیش مشکلات کے بارے میں آگہی پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں معذرت چاہتا ہوں کہ اس نے بہت سے لوگوں کو حیران کیا عموماً ہم اسے مکمل طور پر ڈھانک دیتے ہیں۔‘