مدینہ: سعودی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، 29 زخمی

Image caption سعودیہ ایئر لائن سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ہے

سعودی عرب کے حکام کا کہنا ہے کہ قومی فضائی کمپنی کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے واقعے میں 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔

یہ واقعہ اتوار کو مدینہ میں اس وقت پیش آیا جب ایرانی شہر مشہد سے آنے والا سعودی ایئر لائن کے بوئنگ 767 طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی پیدا ہوگئی۔

سعودی حکام کے مطابق اس طیارے پر 315 افراد سوار تھے اور اس کا دائیں جانب کا پچھلا گیئر نہیں کھل سکا۔

اطلاعات کے مطابق یہ طیارہ ایرانی زائرین کو لے کر مدینہ آ رہا تھا اور اس میں 299 مسافر اور عملے کے 16 ارکان سوار تھے۔

حادثے کے بعد بارہ مسافروں کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

مدینہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پر موجود ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ طیارے نے دو مرتبہ اترنے کی ناکام کوشش کی اور تیسری بار اس نے ہنگامی لینڈنگ کی۔

انٹرنیٹ پر شائع کی جانے والی تصاویر میں طیارے کو رن وے پر ایسی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کا دایاں پر متاثر ہوا ہے۔

اسی بارے میں