امریکہ میں برفانی طوفان سے نظام زندگی درہم برہم

Image caption برفانی طوفان جمعرات کی شام سے زیادہ شدت اختیار کرے گا

امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں اور کینیڈا میں برفانی طوفان اور دو فٹ برف پڑنے کے بعد نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا اور اس کے نتیجے میں گیارہ افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس طوفان کے نتیجے میں 4000 پروازیں صرف بدھ کے بعد سے منسوخ کی جا چکی ہیں۔

شدید سرد ہواؤں کی وجہ سے درجۂ حرارت بہت کم ہو چکا ہے ٹورانٹو میں درجۂ حرارت منفی 28 جبکہ کیوبیک شہر میں منفی 38 سینٹی گریڈ ہے جو کہ گزشتہ دو دہائیوں میں سرد ترین درجہ حرارت ہے۔

حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے مدنظر اپنے گھروں میں رہیں اور سڑکوں کو خالی رکھیں تاکہ برف ہٹائی جا سکے۔

نیو یارک کے میئر بل ڈی بلاسیو جنہوں نے یکم جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا نے کہا کہ ’شہر کی مرکزی شاہراہوں سے شہر کی انتظامیہ کے ’بہترین کام‘ کی وجہ سےبرف صاف کی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر آپ سفر نہیں کرنا چاہتے تو گھر میں ہی رہیں۔‘

دوسری جانب نیویارک اور نیو انگلینڈ میں 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے برفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور کینیڈا کے بعض علاقوں میں درجہ حرات منفی 46 تک گر گیا ہے۔

مونٹریال اور وِنی پیگ میں درجہ حرارت منفی 26 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Image caption نیو یارک میں انتظامیہ نے برف ہٹانے والے ٹرک سڑکوں پر لائے ہیں

امریکی محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں کئی انچ تک برف پڑ چکی ہے لیکن برفانی طوفان جمعرات کی شام سے زیادہ شدت اختیار کرے گا۔

محکمۂ موسمیات کے اہل کار جیسن ٹیول کے مطابق’بہت زیادہ برفباری ہو گی اور تیز ہوائیں چلیں گی، ہمیں خدشہ ہے جمعرات کی رات سے ہر طرف برف ہی برف ہو گی۔

Image caption چند مسافر نیویارک کے کوئنز کے علاقے میں بس سٹاپ پر بس کے منتظر کھڑے ہیں

بوسٹن میں جمعے کی صبح 12 انچ تک برفباری ہونے کی توقع ہے اور اسی طرح کی صورتِ حال ورمونٹ، نیو ہیمپشائر اور مین میں ہو گی جہاں کئی رہائشی بجلی کے بغیر رہ رہے ہیں۔

نیویارک کے لانگ آئی لینڈ میں دس انچ تک برفباری متوقع ہے اور بعض علاقوں میں جمعے کو سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Image caption چند شہری نیویارک میں برف کے باوجود باہر نکل کر شدید سرد ہواؤں کا سامنا کر رہے ہیں

نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

’ہم طوفان کی سنگین صورت حال کی توقع کر رہے ہیں۔‘

اسی طرح میساچوسٹس کے گورنر نے بھی غیر سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفاتر سے جلدی گھروں کو واپس چلے جائیں اور شدید سردی کی وجہ سے باہر نہ نکلیں۔

اسی بارے میں