فرانسیسی صدر کا اخبار کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا فیصلہ

Image caption صدر فرانسوا اولاند نےاداکارہ ژولی گائییے کے ساتھ معاشقے کی تردید نہیں کی ہے

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ وہ ہفت روزہ کلوزر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں جس نے خبر شائع کی ہے کہ ان کا اداکارہ ژولی گائییے کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔

پیرس میں بی بی سی کے نامہ نگار ہیو سکوفیلڈ نے بتایا ہے کہ فرانسیسی صدر نے اداکارہ سے معاشقے کی تردید نہیں کی ہے بلکہ پرائیویسی کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی بات کی ہے۔

فرانس میں پرائیویسی کے قوانین انتہائی سخت ہیں اور کسی فرد کی مرضی کے بغیر اس کی ذاتی زندگی میں مداخلت مجرمانہ فعل ہے۔

ہفت روزہ کلوزر نے اپنے تازہ شمارے میں فرانسیسی صدر کے اداکارہ ژولی گائییے کے مبینہ معاشقے کے بارے میں سات صفحات پر مشتمل ایک فیچر شائع کیا ہے جس میں ایسی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں جن سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ صدر رات کے وقت صدارتی محل کو چھوڑ کر ژولی گائییے کے فلیٹ پر جاتے ہیں اور رات وہیں گزارتے ہیں۔

Image caption صحافی ویلری ٹرائیویلر صدر فرانسو اولاند کی پارٹنر ہیں

41 سالہ ژولی گائییے فرانس کی جانی پہچانی ٹی اور فلموں کی اداکارہ ہیں اور 50 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

کچھ مہینوں سے صدر فرانسوا اولاند کے اداکارہ ژولی گائییے سے معاشقے کی خبریں انٹرنیٹ پر چل رہی تھیں۔ ژولی کے وکیلوں نے پچھلے ہفتے ہی کچھ بلاگروں کے خلاف شکایت دائر کرائی تھی جنھوں نے اپنے بلاگوں میں صدر کے معاشقے کے بارے لکھا تھا۔

ژولی کے وکیل نے کہا تھا کہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

صدر فرانسوا اولاند سرکاری طور پر صحافی ویلیری ٹرائرویلر کے پارٹنر ہیں۔ اس سے پہلے وہ سوشلسٹ سیاست دان سیگولین رائل کے پارٹنر تھے جن سے ان کے چار بچے ہیں۔ سیگولین رائل نے فرانس کا صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا لیکن وہ نیکولا سرکوزی سے ہار گئی تھیں۔

فرانسوا اولاند نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے: ’پرائیوسی ہر شہری کا حق ہے۔ ‘

فرانسیسی صدر نے اپنے دفتر کی بجائے ذاتی طور پر بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ وہ ہفت روزہ کلوزر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں۔

Image caption صدر فرانسو اولاند کے سابق صدارتی امیدوار سیگولین رائل سے چار بچے ہیں

ہفت روزہ کلوزر نے ایسی تصاویر شائع کی ہے جن میں صدر فرانسوا اولاند ہیلمٹ پہنے ایک موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اداکارہ ژولی کے فلیٹ پر پہنچتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس موٹر سائیکل کو ایک ڈرائیور چلا رہا تھا۔

میگزین نے ایسی تصاویر بھی چھاپی ہیں جن میں صدارتی محل کے محافظ علی الصبح صدر فرانسوا اولاند کے لیے کروساں لے کر فلیٹ پر پہنچتے ہیں جہاں وہ مبینہ طور پر اداکارہ دوست ژولی کے ساتھ رات گزار رہے ہیں۔

اسی ہفت روزہ میگزین کلوزر نے برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ کی تصاویر چھاپی تھیں جو خفیہ طور پر اس وقت بنائی گئی تھیں جب برطانوی شاہی جوڑا چھٹی منانے کے لیے فرانس میں رہائش پذیر تھا۔