فرانس: صدر کے’معاشقے‘پر خاتون اول ہسپتال پہنچ گئی

Image caption صدر اولاند نے شادی نہیں کی ہے اور سرکاری طور پر صحافی ویلیری ٹرائرویلر کے پارٹنر ہیں

فرانس کی خاتون اول ویلیری ٹرائرویلر صدر فرانسوا اولاند کے ایک اداکارہ سے مبینہ معاشقے کی خبروں کے بعد بیمار ہو گئی ہیں۔

ویلیری ٹرائرویلر کے دفتر کے مطابق انھیں جمعہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ اب زیرعلاج ہیں۔

دفتر کے مطابق ویلیری ٹرائرویلر کے ہسپتال میں ضروری ٹیسٹ کیے جائیں گے اور وہ وہاں کچھ وقت گزاریں گی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے خاتون اول کے دفتر کے حوالے سے بتایا ہے کہ متوقع طور پر وہ پیر کو ہسپتال سے فارغ ہو جائیں گی۔

فرانسیسی صدر کا عدالتی چارہ جوئی کا فیصلہ

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ منگل کو صدر ملک کی خراب معیشت کو بہتر کرنے کے منصوبے کے حوالے سے پریس کانفرس کریں گے لیکن حالیہ واقعات سے لگتا ہے کہ اس پر ان کے مبینہ معاشقے اور خاتون اول کے ہسپتال جانے کا سایہ نمایاں ہو گا۔

اور یہ دیکھنا دلچسپ ہو گا کہ کیا ان سے اس مبینہ معاشقے کے بارے میں سوالات پوچھے جائیں گے اور شاید سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ وہ مشکلات کا شکار اپنی صدارت کو کچھ اہم معاشی اصلاحات کے فیصلوں کی مدد سے دوبارہ سے مسائل سے نکال پاتے ہیں۔

فرانس میں رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق صدر فرانسوا اولاند موجودہ دور کے سب سے غیر مقبول رہنما بن گئے ہیں اور گذشتہ جمعرات کے جائزے کے مطابق صرف 25 فیصد فرانسیسی عوام انھیں پسند کرتی ہے۔

تاہم ان جائزوں میں عوام نے سیاسی دانوں کی نجی زندگی میں مداخلت کی حمایت نہیں کی ہے۔

صدر اولاند نے شادی نہیں کی ہے اور سرکاری طور پر صحافی ویلیری ٹرائرویلر کے پارٹنر ہیں۔ اس سے پہلے وہ سوشلسٹ سیاست دان سیگولین رائل کے پارٹنر تھے جن سے ان کے چار بچے ہیں۔ سیگولین رائل نے فرانس کا صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا لیکن وہ نیکولا سرکوزی سے ہار گئی تھیں۔

Image caption اداکارہ ژولی گائییے صدر اولاند کے نمایاں حمایتیوں میں سے ایک ہیں

خاتون اول ویلیری ٹرائرویلر کو اپنے پہلے شوہر سے طلاق ہو چکی ہے اور ان کے پہلے شوہر سے تین بچے ہیں۔

انتخابی مہم کے دوران ان کے اور ان کی سابقہ ساتھی سیگو لین رویال اور موجودہ ساتھی کے تعلقات کے حوالے سے پروائیویسی کی بحث اٹھی تھی۔

بعض مبصرین کا کہنا تھا کہ کیوں صدر نے اپنی ذاتی زندگی کے مسائل کو انتخابات سے پہلے حل نہیں کیا تھا۔

اس سے پہلے جمعہ کو صدر فرانسوا اولاند نے کہا تھا کہ وہ ہفت روزہ کلوزر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں جس نے خبر شائع کی ہے کہ ان کا اداکارہ ژولی گائییے کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔

پیرس میں بی بی سی کے نامہ نگار ہیو سکوفیلڈ نے بتایا ہے کہ فرانسیسی صدر نے اداکارہ سے معاشقے کی تردید نہیں کی ہے بلکہ پرائیویسی کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی بات کی ہے۔

فرانس میں پرائیویسی کے قوانین انتہائی سخت ہیں اور کسی فرد کی مرضی کے بغیر اس کی ذاتی زندگی میں مداخلت مجرمانہ فعل ہے۔

Image caption خاتون اول ویلیری ٹرائرویلر کو اپنے پہلے شوہر سے طلاق ہو چکی ہے اور ان کے پہلے شوہر سے تین بچے ہیں

ہفت روزہ کلوزر نے اپنے تازہ شمارے میں فرانسیسی صدر کے اداکارہ ژولی گائییے کے مبینہ معاشقے کے بارے میں سات صفحات پر مشتمل ایک فیچر شائع کیا ہے جس میں ایسی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں جن سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ صدر رات کے وقت صدارتی محل کو چھوڑ کر ژولی گائییے کے فلیٹ پر جاتے ہیں اور رات وہیں گزارتے ہیں۔

41 سالہ ژولی گائییے فرانس کی جانی پہچانی ٹی اور فلموں کی اداکارہ ہیں اور 50 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

کچھ مہینوں سے صدر فرانسوا اولاند کے اداکارہ ژولی گائییے سے معاشقے کی خبریں انٹرنیٹ پر چل رہی تھیں۔ ژولی کے وکیلوں نے پچھلے ہفتے ہی کچھ بلاگروں کے خلاف شکایت دائر کرائی تھی جنھوں نے اپنے بلاگوں میں صدر کے معاشقے کے بارے لکھا تھا۔

اسی بارے میں