ژولی گائییے کا ’کلوزر‘ پر ہرجانے کا دعویٰ

ژولی گائییے تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 41 سالہ ژولی گائییے نے جریدے پر ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے

فرانس کے صدر فرانسو اولاند کے ساتھ مبینہ معاشقے کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی ادکارہ ژولی گائییے اس جریدے پر ہرجانے کا دعویٰ کرنے والی ہیں جس نے ان کی تصاویر شائع کیں۔

جریدے ’کلوزر‘ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی بتایا ہے کہ گائییے نے ذاتی معاملات میں دخل اندازی کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا ہے۔

فرانسو اولاند نے بھی پہلے جریدے پر ہرجانے کا دھمکی دی تھی تاہم بعد میں انہوں نے ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان تصاویر کے منظر عام پر آنے کے بعد صدر فرانسو اولاند کی اہلیہ اس قدر بیمار پڑیں کہ انہیں ہسپتال جانا پڑا۔

41 سالہ ژولی گائییے نے ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے 50 ہزار یورو اور قانونی چارہ جوئی پر اٹھنے والے خرچ کی مد میں چار ہزار یورو ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اگر ژولی گائییے یہ مقدمہ جیت جاتی ہیں تو کلورز کو اپنے سر ورق پر قانونی فیصلہ شائع کرنا ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption خاتون اول ویلیری ٹرائرویلر صدر فرانسوا اولاند کے ایک اداکارہ سے مبینہ معاشقے کی خبروں کے بعد صدمے کا شکار ہوئیں اور انہیں ہسپتال جانا پڑا

اس سے پہلے فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے تسلیم کیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں مشکلات سے گزر رہے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ذاتی معاملات سے ذاتی طور پر ہی نمٹا جانا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ فروری میں امریکہ کے دورے سے پہلے یہ واضح کر دیں گے کہ ان کی موجودہ ساتھی ویلیری ٹرائرویلر فرانس کی خاتون اول ہیں یا نہیں۔

ویلیری ٹرائرویلر صدر فرانسوا اولاند کے ایک اداکارہ سے مبینہ معاشقے کی خبروں کے بعد صدمے کا شکار ہوئیں اور پیرس کے ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

فرانسیسی میڈیا پر رازداری کے بارے میں سخت قانون لاگو ہوتے ہیں لیکن اب یہاں لوگوں کی ذاتیات کا خیال رکھنے کی روایت ٹوٹتی نظر آ رہی ہے۔

10 جنوری کو كلوزر میگزین نے اولاند اور اداکارہ ژولی گائییے کے مبینہ عشق پر سات صفحات کا مضمون چھاپا تھا۔

اس میں ایک تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص گائییے سے ملنے آیا ہے جسے صدر اولاند بتایا گیا ہے.

اسی بارے میں