شامی حزبِ اختلاف کا فیصلہ جرات مندانہ ہے: جان کیری

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شامی حکومت کا کہنا ہے اس پر مذاکرات کے لیے کسی قسم کی پیشگی شرائط عائد نہیں کی جا سکتیں

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے آئندہ ہفتے سوئٹزرلینڈ کے شہر مونتروغ میں ہونے والے امن مذاکرات میں شام کی مرکزی سیاسی حزبِ اختلاف ’شامی قومی اتحاد‘ کے شرکت کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

اس ’جرات مندانہ‘ فیصلے کی برطانوی اور فرانسیسی حکومتوں نے بھی تعریف کی ہے۔

ان مذاکرات کا مقصد شام میں جنگ ختم کر کے عبوری حکومت کے قیام کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔

تین سال سے جاری اس سورش میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چند اندازوں کے مطابق 20 لاکھ سے زیادہ افراد ملک سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور 65 لاکھ افراد ملک کے اندر ہی اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

جان کیری اس وقت ترکی کے دورے پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ انتہائی جرات مندانہ ہے اور اسد حکومت کے مظالم اور خانہ جنگی سے دوچار شامی عوام کے فائدے میں ہے۔‘

برطانوی وزیرِ خارجہ نے اس ایک مشکل فیصلہ قرار دیا اور اس بات کی تائید کی کہ شام کے مستقبل میں بشار الاسد کا کوئی کردار نہیں ہو سکتا۔

اس سے پہلے شام کی مرکزی سیاسی حزبِ اختلاف ’شامی قومی اتحاد‘ نے مذاکرات میں شمولیت پر رضامندی کے فیصلہ کا اعلان کیا تھا جو کہ ایک ووٹ کے بعد کیا گیا۔ شامی قومی اتحاد کے 58 مندوبیں نے اس کی حمایت کی جبکہ 14 اس کے خلاف تھے۔

شامی قومی اتحاد 120 اراکین پر مشتمل ہے اور نصف سے زیادہ اراکین اس ووٹ کی مخالفت کے بعد اس میں شریک نہیں ہوئے۔

اتحاد کے سربراہ احمد جربہ نے کہا کہ وہ مذاکرات میں اپنے ’اصولوں پر سنجھوتہ نہیں کرے گی اور اسد حکومت اسے بیوقوف نہیں بنا سکتی۔‘

انھوں نے کہا ’ہمارے لیے مذاکرات کی میز انقلاب کا مطالبہ پورا کرنے کا راستہ ہے۔ اس میں سرِفہرست قصائی کو اقتدار سے ہٹانا ہے۔‘

شامی حزبِ اختلاف نے اس سے قبل اس وقت تک سوئٹزرلینڈ جانے سے انکار کر دیا تھا جب کہ شامی صدر بشارالاسد کو آئندہ بننے والی کسی عبوری حکومت میں حصہ نہ لینے دیا جائے۔

تاہم شامی حکومت کا کہنا ہے اس پر کسی قسم کی پیشگی شرائط عائد نہیں کی جا سکتیں۔

گذشتہ ہفتے شامی قومی مفاہمت کے وزیر علی حیدر نے کہا تھا کہ ان مذاکرات سے کسی کو بہت بڑی پیش رفت کی توقع نہیں ہونی چاہیے۔ ’حل کی جانب سفر شروع ہو گیا ہے، اور یہ ریاست کی فوجی فتح کے ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔‘

تاہم شام نے جمعے کو حزبِ اختلاف کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی پیش کش کی تھی، اور وزیرِ خارجہ ولید معلم نے کہا تھا کہ انھوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگے لاوروف کے ساتھ ملاقات میں حلب میں بھی جنگ بندی کے معاہدے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

اس کے علاوہ شامی حکومت نے خیرسگالی کے اظہار کے طور پر دمشق میں واقع یرموک فلسطینی مہاجر کیمپ تک کئی ماہ کے بعد امداد پہنچانے کی اجازت دی تھی۔

اسی بارے میں