کونسلر کے انتخابات میں ایک طوطا امیدوار

تصویر کے کاپی رائٹ Chester Zoo
Image caption زوکوسکی کے مطابق ان کے طوطے کا انتخابی نعرہ ’رقم کہاں‘ ہے

بیلاروس میں ایک کارکن نے کونسل کے انتخابات میں امیدوار کے طور پر اپنے طوطے کا اندراج کرایا ہے۔

بیلپن نیوز ایجنسی کے مطابق کنسٹانٹیش زوکوسکی نے اپنے پالتو طوطے’یاشا‘ کی شناختی دستاویز کی فوٹو کاپی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہے۔

زوکوسکی کے مطابق ان کے اس اقدام کا مقصد بیلاروس کی سیاست کے بے اثر ہونے کے مسئلے کو اجاگر کرنا ہے۔

تاہم انھوں نے جرمانے سے بچنے کے لیے اپنے پالتو طوطے کی نامزدگی فوری طور پر واپس لے لی۔

انھوں نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ان کے طوطے یاشا کی کونسلر بننے کی دیرینہ خواہش تھی اور اس نے انتخابی عمل کو دیکھ لیا ہے۔

زوکوسکی کے مطابق ان کے طوطے کا انتخابی نعرہ ہے کہ’رقم کہاں ہے‘ اور وہ کونسل کے چیمبر میں جانا چاہتے ہیں جہاں کونسلرز کو صرف یہ بات جاننے کی ضرورت ہوتی ہے۔

زوکوسکی کے مطابق طوطے کی نامزدگی کو واپس اس لیے لیا ہے کیونکہ خطے کا کونسلر منتخب ہونا کوئی زیادہ قابل عزت بات نہیں ہے۔

اسی بارے میں