سوچی کے بارے میں پانچ دلچسپ حقائق

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سرمائی اولمپکس کا انعقاد سوچی میں نہیں بلکہ اس کے دو مضافاتی علاقوں ایڈلر اور كراسنايا پوليانا میں کیا جا رہا ہے

روس میں بحیرۂ اسود کے کنارے پر واقع شہر سوچی میں جمعے سے سرمائی اولمپکس شروع ہو رہے ہیں، لیکن کیا آپ سوچی کی ان خوبیوں کے بارے میں جانتے ہیں جو اس شہر کو خاص بناتی ہیں؟

یہاں ہم سوچی کے بارے میں پانچ ایسی دلچسپ باتیں بتا رہے ہیں جس کے بارے میں شاید آپ کو پتہ نہ ہو۔

1: اصل میں اولمپک سوچی میں نہیں ہو رہے

سرمائی اولمپکس کا انعقاد سوچی میں نہیں بلکہ اس کے دو مضافاتی علاقوں ایڈلر اور كراسنايا پوليانا میں کیا جا رہا ہے۔ ایڈلر سمندر کے کنارے واقع ہے جبکہ كراسانايا پوليانا پہاڑوں کے درمیان واقع ہے۔

گریٹر سوچی بحیرۂ اسود کے کنارے پر 90 میل لمبائی میں پھیلا ہوا ہے اور دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ یورپ کا سب سے طویل شہر ہے۔

اصل میں جس جگہ پر اولمپکس کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہ ابخازیہ کے قریب ہے۔ ابخازيہ مشرقی سرحد پر واقع متنازع خطہ ہے، جو خود کو آزاد ریاست قرار دیتا ہے۔

2: ہم جنس پرستوں کی پناہ گاہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP Getty Images
Image caption روس بھر سے ہم جنس پرست افراد لمبے عرصے سے سوچی آنا پسند کرتے رہے ہیں

سوویت یونین کے دور میں سوچی بڑی تعداد میں ہم جنس پرست یعنی گے لوگوں کا اڈہ بن گیا تھا۔ سال 1993 تک روس میں ہم جنس پرستوں کے تعلقات کو جرم تصور کیا جاتا تھا۔

ایسے میں ہم جنس پرست افراد سوچی آنا زیادہ پسند کرتے تھے۔ ان کے لیے سوچی جانا آسان تھا اور یہ مقام ان کے خاندانوں اور دوستوں کی نظر سے کافی دور تھا۔

سوچی کے دروازے آج بھی ایسے گے لوگوں کے لیے کھلے ہیں جنہیں ان کے معاشرے میں پسند نہیں کیا جاتا اور جو بیرونِ ملک سفر کا خرچ نہیں اٹھا سکتے۔

3: سوچی کا سب سے اہم کھلاڑی

سوچی کا صرف ایک کھلاڑی ہی اپنی سرزمین پر ہونے والے ان اولمپک کھیلوں میں شامل ہو رہا ہے۔ یہ کھلاڑی ایلیكسي وویوودا ہیں۔

وویوودا ایک پیشہ ور آرم ریسلر ہیں اور وہ کئی اعزازات جیت چکے ہیں۔ وہ 2011 میں بوب سلے میں ورلڈ چیمپیئن تھے اور انہوں نے ٹیورن اولمپکس میں چاندی کا اور وینکوور اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

سوچی میں وہ مردوں کے چار مقابلے میں اہم بریكمین ہوں گے۔ اس مقابلے میں روس کو تمغہ حاصل کرنے کی خاصی امید ہے۔

4: سوچی نے دیے دو ٹینس چیمپیئن

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ماریا شیراپووا چار سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ منتقل ہوئی تھیں

سوچی پہلی بار سرمائی اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے لیکن اصل میں یہاں ٹینس جیسے گرمیوں میں کھیلے جانے والے موسم زیادہ مقبول ہیں۔ خاص طور سے بچے اور جوان یہاں سال بھر ٹینس کھیلتے رہتے ہیں۔

دنیا کے کامیاب ترین ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک ماریا شیراپووا اور يیوگني كافیلنیكوف دونوں کو سوچی میں ہی پہلی کامیابی ملی تھی۔ كافیلنیكوف کی پیدائش سوچی میں ہی ہوئی تھی جبکہ شیراپووا کی پیدائش سائبیریا میں ہوئی تھی لیکن جب وہ چار سال کی تھیں تو ان کے والدین سوچی آ گئے تھے۔

شیراپووا نے ابتدائی تربیت سوچی میں ہی حاصل کی، جس کے بعد وہ امریکی ریاست فلوریڈا چلی گئیں۔ ان کی دادی اب بھی سوچی میں رہتی ہیں اور شاراپووا سوچی اولمپکس میں ٹی وی میزبان کے کردار میں نظر آئیں گی۔

5: روس کا سب سے بڑا فلمی میلہ

سوچی میں گذشتہ دو دہائیوں سے روسی فلمی میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کا نام ’كنوتاور‘ ہے۔

یہ روس کا سب سے بڑا فلمی میلہ ہے اور اس کا صدر دفتر جانے مانے ہوٹل جیمچ ژينا میں ہے۔ یہ ہوٹل 1973 میں تعمیر کیا گیا تھا اور سوچی آنے والے مشہور موسیقار اسی ہوٹل میں ٹھہرتے تھے۔

اس ہوٹل میں اب بھی سوویت انداز کی سجاوٹ ہے۔ یہ فلمی میلہ کے دوران کئی فوٹوگرافر (پاپاراتسی) ساحل پر فرصت کے لمحے گزارنے والے فلمی ستاروں کی تصویر کھینچنے کی تاک میں رہتے ہیں۔

اسی بارے میں