مصر میں عبوری حکومت اچانک مستعفی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جنرل السیسی نے محمد مرسی کی منتخب حکومت کو برطرف کر دیا تھا

مصر میں فوج کی حمایت سے قائم عبوری حکومت اچانک مستعفی ہو گئی ہے۔

عبوری حکومت کے مستعفی ہونے کا اعلان وزیر اعظم حاظم ببلاوی نے کیا۔

سرکاری اخباری الاہرام نے خبر دی ہے کہ عبوری حکومت میں ہاؤسنگ کے وزیر ابراہیم محلب عبوری وزیر اعظم کی جگہ لیں گے۔

عبوری حکومت کے مستعفی ہونے کا اعلان پیر کو قاہرہ میں کابینہ کے اہم اجلاس کے بعد سامنے آیا۔ اس اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہ اور وزیر دفاع فیلڈ مارشل عبدالفتح السیسی نے بھی شرکت کی۔

فیلڈ مارشل عبدالفتح السیسی نے گذشتہ سال جولائی میں محمد مرسی کو اقتدار سے علیحدہ کر دیا تھا۔ ان کےبارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑیں گے۔

ببلاوی نے اپنے خطاب میں اعتراف کیا کہ مصر میں ہڑتالوں میں اضافہ ہوا ہے ساتھ ہی انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی کوئی حکومت اتنے کم عرصے میں اپنے عوام کے سو فیصد مطالبات پورے نہیں کر سکتی۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ چھ سات مہینوں میں حکومت نے بہت بھاری ذمہ داری ادا کی ہے اور بہت سے معاملات میں اچھے نتائج بھی حاصل کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عبوری حکومت کو مصر کو ایک بحران سے نکلنے کا چیلنج درپیش تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ عبوری حکومت نے ملک میں سلامتی اور امن بحال کیا اور سیاسی اور اقتصادی دباؤ سے نکالا۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں ببلاوی کو ان کی اہم فیصلے کرنے میں کمزوری اور ملک کی اقتصادی صورت حال بہتر کرنے میں ناکامی پر تنقید نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

الاہرام نے اپنے ذرائع سے خبر دی ہے کہ عبوری حکومت میں ہاوسنگ کے وزیر ابراہیم محلب کو وزیر اعظم بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر عدلی منصور کو عبوری حکومت کا استعفی بھیجنے کا فیصلہ پیر کو کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جو صرف پندرہ منٹ جاری رہا۔

یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ عبوری حکومت میں وزیر دفاع اور ملک کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتح سیسی اپنے دونوں عہدوں سے جلد مستعفی ہو جائیں گے اور اس کے بعد صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کریں گے۔

ملک میں جنوری میں منظوری کیے جانے والے آئین کے تحت اس سال اپریل کے وسط تک صدارتی انتخابات کرائے جانے ہیں۔

نامہ نگاروں کا خیال ہے کہ فیلڈ مارشل سیسی کو حاصل عوامی مقبولیت اور کسی دوسرے مضبوط امیدوار کے میدان میں نہ ہونے کے باعث قوی امکان یہی ہے کہ سیسی آسانی سے انتخاب جیت جانامہ نگاروں کا خیال ہے کہ فیلڈ مارشل سیسی کو حاصل عوامی مقبولیت اور کسی دوسرے مضبوط امیدوار کے میدان میں نہ ہونے کے باعث قوی امکان یہی ہے کہ سیسی آسانی سے انتخاب جیت جائیں گے۔

اسی بارے میں