کرائمیا: سرکاری عمارتوں پر مسلح افراد کا قبضہ، سکیورٹی فورسز الرٹ پر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سرکاری عمارتوں پر قبضے کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ایک روز قبل ہی روس کی حمایت کرنے والوں اور یوکرین کے نئے رہنما کے حمایتوں کے درمیان تصادم ہوا

یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ روسی اکثریت والے کرائمیا میں مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد سکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کرائمیا کے دارالحکومت سمفروپول میں مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر کے روسی جھنڈا لہرا دیا ہے۔

مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مسلح افراد کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔

سرکاری عمارتوں پر قبضے کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ایک روز قبل ہی روس کی حمایت کرنے والوں اور یوکرین کے نئے رہنما کے حمایتوں کے درمیان تصادم ہوا۔

خیال رہے کہ یوکرین میں روسی زبان بولنے والے متعدد افراد نے یانوکووچ کی برطرفی اور ملک میں یورپ کی جانب جھکاؤ رکھنے والی انتظامیہ لانے کی مخالفت کی تھی۔

دوسری جانب روس بھی یوکرین میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے ناراض ہے، تاہم وزیرِ خارجہ سرگے لاوروف کا کہنا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔

سرگے لاوروف نے منگل کو ماسکو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا دوسرے ممالک یوکرین کی صورتِ حال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس یوکرین میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔

یوکرین میں کئی ماہ تک جاری رہنے والے عوامی احتجاج کے بعد سنیچر کو پارلیمان کے اراکین نے صدر یانوکووچ کے مواخذے کے لیے ووٹ ڈالا تھا۔

یوکرین میں حکومت مخالف مظاہرے گذشتہ سال نومبر میں اس وقت شروع ہوئے تھے جب صدر یانوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے روس کے ساتھ تجارتی معاہدے کو ترجیح دی تھی۔

ان پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں