لاس ویگاس والے آپ کو کیا نہیں بتاتے

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption جوا خانے ہر گیم میں اپنی جیت کا امکان زیادہ رکھتے ہیں

’وٹ ہیپنز اِن ویگس، سٹےز اِن ویگس‘ (جو ویگاس میں ہوتا ہے وہ ویگاس میں ہی رہتا ہے) جیسی کہاوت کے ہوتے ہوئے، یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ امریکی شہر لاس ویگاس کے جوا خانوں میں کامیابی کے بہت راز ہیں۔ مگر اس کورا ڈاٹ کام نامی ایک ویب سائٹ کے شہر سے واقف صارفین نے اپنی خاموشی توڑی اور وہ ہمیں اس شہر میں جوے میں کامیابی کے چند ایسے گن بتا رہے ہیں جو کہ جوا خانے کے اہلکار عام لوگوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔

شراب نوشی ہارنے کا ضامن طریقہ ہے

اگرچہ بہت سے سیاح جوا خانوں میں مفت کی شراب کو ایک فائدہ مند چیز سمجھتے ہیں، بے شک یہ جوا خانے کی ایک چال ہے۔

ریاست نیواڈا کے جان مکسن کہتے ہیں ’اگر آپ شراب کے معاملے میں جادو گر نہیں تو اسے پینے سے آپ کی قوتِ فیصلہ کمزور ہوگی۔ اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو شراب سے مکمل پرہیز کرنا ہوگا۔‘

ہر گیم میں جوا خانے کا فائدہ ہے، سوائے ایک کے

کورا ڈاٹ کام کے لاس ویگس کی رونقوں سے آشنا صارفین نے بارہا کہا کہ جوا خانوں میں ہر گیم میں ہاؤس یعنی جوا خانے کی خود جیت جا امکان زیادہ ہوتا ہے تاہم اس اضافی امکانِ جیت کی نوعیت پر بہت سے لوگوں میں اختلاف ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویئر انجینیئر الیا ویگمان اور لاس ویگاس میں ہوٹل کی صنعت سے منسلک جین سنگ اس بات پر متفق ہیں کہ عام طور پر مقبول ترین گیمز میں رولٹ میں کھیلنے والے کی جیت کا امکان سب سے کم ہوتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption عام طور پر مقبول ترین گیمز میں رولٹ میں کھیلنے والے کی جیت کا امکان سب سے کم ہوتا ہے

عموماً رولٹ میں ہاؤس کا کھیلنے والے کے مقابلہ میں جیت کا امکان پانچ فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ کریپس میں یہ شرح 1.4 فیصد اور بلیک جیک میں 0.28 فیصد ہوتی ہے۔ مکسن کا کہنا ہے کہ لاس ویگاس کے چھوٹے جوا خانوں میں بلیک جیک میں کھلاڑیوں کے جیتنے کا امکان اس لیے بھی زیادہ ہوتا ہے کیونکہ چھوٹے جوا خانے بہتر کارڈ ڈیلرز زیادہ دیر نہیں رکھ سکتے۔

.لاس ویگاس کے رہائشی ڈان ڈوسن کہتے ہیں کہ کھلاڑی کی جیت کے لیے بہترین گیم پوکر ہے۔ ’یہ وہ واحد گیم ہے جس میں جوا خانہ کھلاڑی سے براہِ راست پیسے نہیں لے رہا ہوتا۔ یہ آپ اور آپ کی صلاحیت پر ہوتا ہے کہ آپ کتنا ہارتے یا جیتتے ہو۔‘

سلاٹس پر جیتنے کے لیے مہنگی ترین شرط لگانی ہوگی

جین سنگ کہتے ہیں ’اگر آپ سلاٹس پر جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو مہنگی ترین شرھ لگانی ہوگی۔ عام طور پر یہ شرط تشہیری قیمت سے دو یا تین گنا ہوتی ہے، مثلاً 25 سنٹ والی سلاٹ مشین پر آپ کو 50 یا 75 سنٹ کھیلنے چاہیئیں۔‘

جوا خانوں کا طرزِ تعمیر بدحواس کرنے کا ماہر ہوتا ہے

جوا خانے میں ایک بار داخل ہو جانے کے بعد وہاں سے باہر نکلنے کا راستہ ڈھونڈنا کافی مشکل ہو سکتا ہے۔ الیا ویگمان بتاتے ہیں کہ ’جوا خانوں کے مرکزی ہال جان بوجھ کر اس طرح تعمیر کیے جاتے ہیں کہ آپ گُم ہو جائیں۔ اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ جب آپ گُم ہو جاتے ہیں تو تھک کر آپ سلاٹ مشین پر یا بلیک جیک کی میز پر بیٹھ ہی جاتے ہیں۔ اور پھر آپ جوے میں کچھ رقم اڑا ہی دیتے ہیں۔‘

اسی لیے آپ کبھی کسی جوا خانے میں گھڑی بھی نہیں دیکھیں گے۔ لاس ویگاس کے رہائشی گیرک سائٹو کہتے ہیں ’وہ نہیں چاہتے کہ آپ کہیں دیر ہو رہی ہے۔ آپ جتنی دیر کھیلتے رہیں گے آپ کے ہارنے کے امکانات اتنے بڑھتے رہیں گے۔‘

جیتیں اور پھر اُٹھ کھڑے ہوں!

کورا ڈاٹ کام پر اس سلسلے میں جواب دیتے ہوئے ہر فرد کا یہی کہنا تھا کہ ویگاس سے اگر آپ پیسے جیت کر واپس لانا چاہتے ہیں تو جیتتے ہی آپ گھر لوٹ آئیں۔ مکسن کہتے ہیں ’آپ ایک یا دو بار ہی جیتیں گے۔ ایسا جیسے ہی ہو، اٹھیں اور باہر آ جائیں۔ اگر آپ کھیلتے رہیں گے تو آپ اپنی جیت اور جیب دونوں کے پیسے ہار بیٹھیں گے۔‘

اسی بارے میں