دو پوپ کو سینٹ کا درجہ دے دیا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پوپ جان پال دوم اور تئیسویں پوپ جان کو اولیا کا درجہ دیا گیا۔

ویٹیکن شہر میں ایک بہت بڑا مجمع ایک تاریخ ساز تقریب دیکھنے کے لیے اکھٹا ہوا جس میں پوپ جان پال دوم اور تئیسویں پوپ جان کو سینٹس کا درجہ دیا گیا۔

اس مذہبی تقریب کی سربراہی پوپ فرانسز شانز دہم اور سابق پوپ بینیڈکٹ نے کی اور اس میں تقریباً دس لاکھ زائرین نے شرکت کی۔ بہت سے لوگوں نے یہ تقریب ٹی وی اور ریڈیو پر بھی سنی۔

اس تقریب میں سو بین الاقوامی وفود نے شرکت کی جن میں شاہی خاندانوں کے نمائندے ، ملکوں کے سربراہ اور حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ہی سال میں دو پوپس کو ایک ہی ساتھ سینٹس کا درجہ دیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اس عمل سے رومن کیتھلک چرچ میں قدامت پسند اور ترقی پسند حلقوں کو اکھٹا کرنا کی ایک کوشش کی گئی ہے۔

اپنے خطاب میں پوپ فرانسز نے دونوں پوپ کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ’ بہادر مرد‘ کا خطاب بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ دونوں پادری تھے ، بشپ تھے اور بیسویں صدری کے پوپ تھے۔ انھوں نے اُس صدی کے مشکل ترین دور دیکھے مگر وہ ان سے گھبرائے نہیں۔ ان کے لیے صرف خدا ہی طاقت ور تھا۔‘

اس تقریب کے لیے خصوصی بس ، ٹرین، اور کشتیاں چلائی گئیں تاکہ ہزاروں زائرین کو دو گھنٹے کی اس تقریب کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے روم پہنچایا جائے۔ کچھ زائرین نے رات ہی کو سینٹ پیٹر سکوئر کے قریب نشستیں سنبھال لیں تاکہ تقریب شروع ہوتے ہی انھیں سب سے پہلے داخلہ مل سکے۔

قریب سڑکوں پر سکرینیں نصب تھیں تاکہ وہ لوگ بھی تقریب سے مستفید ہو سکیں جو وہاں خود موجود نہیں ہیں۔ پوپ جان کے آبائی ملک پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک عقیدت مند نے کہا کہ ’ ہم اس دن کا شدت سے انتظار کر رہے تھے۔ یہ موقع زندگی میں صرف ایک بار آتا ہے۔‘

ویٹیکن نے اس بات کی تصدیق کی کہ اٹھہتر سالہ بینیڈکٹ جن کا سرکاری خطاب پوپ ایمرٹیس ہے پہلی بار موجودہ پوپ کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں گے۔

پوپ بینیڈکٹ پچھلے چھ سو سال میں وہ واحد پوپ ہیں جنہوں نے صحت کی وجوہات پر اپنے منصب سے استعفیٰ دیا۔ سینٹس بننے کا عمل بہت لمبا اور مہنگا ہوتا ہے۔ مگر پوپ جان پال دوئم جن کا چھبیس سالہ دور اقتدار 2005 میں ختم ہوا کو صرف نو سال میں سینٹ کا درجہ دے دیا گیا تھا۔

دوسری جانب تئیسویں اتالوی پوپ جنہیں ’گوڈ پوپ‘ کہا جاتا ہے انھیں پوپ فرانسس نے سینٹ کا درجہ حال ہی میں اچانک دے دیا گیا۔

روم سے بی بی سی کے خصوصی نمائندے ڈیوڈ رائلی نے کہا کے اس فیصلے کی ایک سیاسی اہمیت بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تئیسویں پوپ جان اور پوپ جان پال کو اکھٹے سینٹ کا درجہ دینے سے موجودہ پوپ فرانسس نے کسی بھی ممکنہ تنقید کو ختم کر دیا ہے۔

اسی بارے میں